اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

مثبت معاشی اشاریے

گزشتہ دو‘ ڈھائی سال سے جاری معاشی جمود کے بعد اب معاشی میدان سے مثبت خبریں آنے لگی ہیں اور بحالی کا عمل تیز ہو رہا ہے۔ رواں مالی سال میں مثبت معاشی خبروں کا سلسلہ تیز ہوا ہے اور اقتصادی بحران کے بادل چھٹنے لگے ہیں۔ نومبر میں کرنٹ اکائونٹ سرپلس رہنے کا سلسلہ مسلسل چوتھے مہینے بھی جاری رہا اور محض نومبر میں سرپلس 72 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا‘ جو مارچ 2015ء کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران سرپلس 94 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا۔ کم درآمدات‘ مناسب برآمدات اور مضبوط ترسیلاتِ زر کرنٹ اکائونٹ کی صورتحال کو بہتر بنا رہی ہیں۔ دوسری جانب براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) بھی مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ایک ارب 12 کروڑ ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ مالی سال کی نسبت 31.3 فیصد زیادہ ہے۔ چین سب سے بڑے سرمایہ کار کی حیثیت سے پہلے نمبر پر برقرار ہے‘ اس کے علاوہ ہانگ کانگ‘ برطانیہ‘ سوئٹزر لینڈ اور کینیڈا نے بھی توانائی‘ کان کنی اور کاروبار کے شعبوں میں براہِ راست سرمایہ کاری کی ہے۔ معاشی بحالی کے لیے کی جانے والی کوششیں اب رنگ لا رہی ہیں اور مثبت معاشی اشاریے ان کوششوں کی کامیابی کے غماز ہیں‘ تاہم اس رجحان کو مستحکم رکھنے کے لیے ابھی بہت کچھ کیا جانا ضروری ہے۔ دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ جانے والے ملک کا محض دو سال میں معاشی بہتری کی راہ پر گامزن ہو جانا یقینا ایک بڑی کامیابی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں