اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

بلوچستان میں بدامنی

بلوچستان میں قومی شاہراہوں پر رات کو سفر ممنوع قرار دیا جانا صوبے میں امن و امان کی ناگفتہ بہ صورتحال کو واضح کرتا ہے۔ دہشت گرد پچھلے کچھ عرصہ سے مسافر گاڑیوں اور ٹرکوں پر متعدد حملے کر چکے ہیں جن میں بہت جانی نقصان ہو چکا ہے۔ یہ فیصلہ احتیاط کی بنا پر درست معلوم ہوتا ہے اور بلوچستان میں جس طرح تواتر سے حملے ہو رہے تھے ان حالات میں یہ وقت کی ضرورت‘ اور حکمت پر مبنی فیصلہ ہے۔ مگر دہشت گردوں کو اتنی مہلت نہیں دینی چاہیے کہ وہ اس اقدام کو اپنی قوت اوراثر پر محمول کریں۔ بلوچستان کے حالات پائیدار امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی جامع کارروائی کا تقاضا کرتے ہیں ۔ بیشک بلوچستان میں سر گرم عناصر کو سرحد پار سے بھی اعانت حاصل ہے اور صوبے کا پیچیدہ جغرافیہ بھی دہشت گردوں کو حملہ کرنے‘ فرار ہونے اور چھپ جانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔اس صورتحال میں پائیدار حل تلاش کرنا ہو گا۔ مقا می آبادی اور قیادت کی شراکت کے ساتھ یہ کام پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ دہشت گرد مٹھی بھر ہی ہوتے ہیں ‘بلوچستان میں بھی یہی صورتحال ہے ۔ صوبے کے عوام کی اکثریت محب وطن ہے اور خون خرابے سے خوفزدہ۔ یہ وقت ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچ عوام اور وہاں کے صائب الرائے حلقوں کے ساتھ اپنی جُڑت مضبوط کرے۔ بلوچ عوام کو یہ باور کروانے کی ضرورت ہے کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کی محرومیوں کا ڈھونگ رچا کر بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کے امکانات کے در پے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00