اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

چینی بے قابو

چینی کی روز بروز بڑھتی قیمتوں کو دیکھیں تو یوں لگتا ہے کہ اس پر حکومت کی جانب سے کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں۔اطلاعات کے مطابق اس وقت ملک کے کئی شہروں میں چینی 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے چینی کی مقرر کردہ قیمت 164روپے فی کلو ہے۔ رواں برس کے آغاز میں چینی کا ایکس مل ریٹ 115روپے فی کلو تھا مگر اُس وقت بھی یہ مارکیٹ میں اس سے مہنگی فروخت ہو رہی تھی۔اس کے بعد حکومت کی جانب سے چینی کی ایکس مل قیمت میں اضافہ کر دیا گیا۔ تقریباً ساڑھے چار ماہ میں چینی کی سرکاری قیمت میں 50 روپے فی کلو تک اضافہ ہوچکا ہے جبکہ مارکیٹ میں یہ اس سے بھی مہنگی مل رہی ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران ساڑھے سات لاکھ ٹن سے زائد چینی برآمد کی گئی جس سے مقامی مارکیٹ میں چینی کی قلت پیدا ہونے سے اس کی قیمتوں میں اضافہ شروع ہوا جو اَب تک جاری ہے۔ وزارتِ نیشنل فوڈ سکیورٹی کے مطابق ملک میں مقامی ضرورت کے مطابق چینی دستیاب ہے جبکہ حکومت نے برآمدات کی اجازت دینے سے قبل برآمد کنندگان کو مقامی ضرورت کے مطابق چینی کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کا پابند بھی بنایا تھا مگر عملی طور پر حکومت ان شرائط پر عملدرآمد یقینی بنانے میں ناکام رہی۔ ضروری ہے کہ متعلقہ حکام عوام کو سستی چینی کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں