اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ڈینگی کا خدشہ

بارشوں کے حالیہ سلسلے اور جا بجا پانی کھڑا ہونے سے مچھروں کی افزائش کیلئے موافق ماحول پیدا ہوا ہے جس کے سبب ڈینگی کے پھیلائو کے خدشات میں بھی اضافے ہوا ہے۔ محکمہ صحت کے جاری کردہ ڈینگی الرٹ میں متعلقہ محکموں کو انسدادِ ڈینگی اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ گزشتہ سال پوری دنیا میں ڈینگی کے پھیلائو میں ہوشربا اضافہ دیکھا گیا تھا۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق 2023ء کی نسبت 2024ء میں ڈینگی کے کیسز میں دو گنا سے زائد اضافہ دیکھا گیا اور ایک کروڑ چالیس لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ پاکستان میں گزشتہ برس بیس ہزار سے زائد ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے اور روالپنڈی ریجن اور بلوچستان میں اس کا زیادہ پھیلائو دیکھا گیا۔ رواں سال محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر میں معمول سے زائد بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس سے ڈینگی کے خطرات میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ اس وقت لاہور‘ راولپنڈی اور کراچی میں ہر روز ڈینگی کے بیسیوں مریض سامنے آ رہے ہیں اور شہروں‘ قصبوں اور دیہات میں جگہ جگہ کھڑا پانی ڈینگی مچھروں کی افزائش گاہ بنا ہوا ہے۔ ڈینگی کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر نہ صرف ڈینگی کنٹرول مہم کو تیز کرنے کی ضرورت ہے بلکہ عوام کو بھی اپنے طور پر محتاط رہنا چاہیے اور اپنے گھروں کی چھتوں‘ گملوں یا لان میں پانی کی نکاسی کا بروقت اہتمام کرنا چاہیے تاکہ ڈینگی مچھروں کو افزائش کیلئے ساز گار ماحول میسر نہ آ سکے اور اس مرض سے تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں