اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

جننگ فیکٹریوں کی بندش

مقامی کپاس کے غیر معیاری ہونے کی وجہ سے پنجاب کی کاٹن بیلٹ کی 50 فیصد جننگ فیکٹریوں کی بندش کی خبر کسان‘ صنعتکار اور ملکی معیشت سب کیلئے خطرے کی گھنٹی کے مترادف ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فروخت نہ ہونے کی وجہ سے فیکٹریوں میں روئی کے پرانے ذخائر اتنے بڑھ گئے ہیں کہ جننگ کا عمل جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔ کپاس کا شعبہ گزشتہ کئی برس سے مسلسل زبوں حالی کا شکار ہے۔ حکومتی بے اعتنائی اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے نہ صرف کپاس کی مجموعی پیداوار ہر سال گھٹتی جا رہی ہے بلکہ اس کا معیار بھی اتنا گر چکا ہے کہ یہ مقامی طور پر بھی استعمال کے قابل نہیںرہی۔ مقامی کپاس کے غیرمعیاری ہونے کی ایک بڑی وجہ اس شعبے میں تحقیق کی کمی اور پرانے بیجوں کا استعمال ہے۔ دہائیوں سے وہی پرانے بیج کاشت کیے جا رہے ہیں جو نہ تو زیادہ پیداوار دیتے ہیں اور نہ ہی بدلتے موسمی حالات کے خلاف مزاحمت کی صلاحیت رکھتے ہیں‘ نتیجتاً کسان کی محنت ضائع اور معیشت کمزور ہو رہی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ کپاس کے شعبے میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کرے اور مقامی موسموں سے مطابقت رکھنے والے نئی اقسام کے ایسے بیج متعارف کرائے جن سے زیادہ اور معیاری پیداوار حاصل ہو سکے تاکہ زرعی شعبے سے کسان اور صنعتکار سے ملکی معیشت تک سب پر مثبت اثرات مرتب ہو سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں