اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

سموگ الرٹ

پی ڈی ایم اے نے لاہور سمیت پنجاب کے میدانی اضلاع کیلئے سموگ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس وقت پنجاب کے بیشتر اضلاع سموگ کی لپیٹ میں ہیں۔ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی پنجاب کے مطابق گزشتہ روز لاہور کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس 470 تک ریکارڈ کیا گیا‘ جو صحت کیلئے نہایت خطرناک سطح ہے۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ جیسے صنعتی شہر بھی بدترین آلودگی کی لپیٹ میں ہیں۔ صوبے بھر میں سانس کی بیماریوں اور امراضِ چشم نے شہریوں کو دہری مشکلات کا شکار کر رکھا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق ماسک کا باقاعدہ استعمال‘ غیر ضروری سفر سے گریز اور زیادہ آلودگی کے اوقات میں باہر نکلنے سے احتیاط ہی شہریوں کیلئے فوری بچاؤ کا راستہ ہے مگر یہ وقتی تدابیر ہیں‘ مسئلے کا مستقل حل نہیں۔ بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی صرف ایک موسمی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی صحت‘ مقامی معیشت‘ زرعی پیداوار اور شہریوں کے روزمرہ معمولات کیلئے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔حکومت کو چاہیے کہ فضائی آلودگی کے خاتمے کیلئے صرف موسمِ سرما‘ جب یہ مسئلہ سنگین صورت اختیار کرتا ہے‘ کے بجائے سارا سال متحرک کردار ادا کرے۔ سال بھر صنعتی اخراج کے معیارات پر سختی کرنے‘ پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام سستا اور کارآمد بنانے‘ گرین انرجی کو فروغ دینے اور شہری علاقوں میں سبزہ بڑھانے جیسے اقدامات ہی سے اس کا مستقل تدارک کیا جا سکتا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں