اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

توانائی معاہدے

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں حالیہ مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط خوش آئند پیش رفت ہیں‘ جو دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔ ان معاہدوں کا مقصد نہ صرف پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش اور توانائی کی پیداوار کو بڑھانا ہے بلکہ معدنیات اور بجلی کے شعبے میں مشترکہ سرمایہ کاری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی اور تجربے کو بھی فروغ دینا ہے۔ یہ اقدام پاکستان کے توانائی کے شعبے کیلئے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا کیونکہ ترک کمپنیوں کی شراکت سے آف شور اور آن شور دونوں منصوبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا جس سے ملکی توانائی پیداوار اور خود کفالت میں واضح بہتری آئے گی۔

ان معاہدوں کے تحت ملک کے توانائی کے شعبے میں30کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری بھی متوقع ہے۔ اسی طرح معدنیات اور کان کنی میں مشترکہ منصوبوں کے ذریعے ملک کی معدنی صلاحیت بھی بہتر طور پر بروئے کار لائی جا سکے گی۔ خطے اور عالمی حالات کی تیز رفتار تبدیلی کے پیش نظر ضروری ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قریبی رابطے اور مشترکہ منصوبے جاری رہیں۔ توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں طویل مدتی‘ باہمی مفید شراکت داری سے نہ صرف اقتصادی ترقی کے نئے راستے کھلیں گے بلکہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو بھی نئی قوت ملے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں