اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

کھیلوں کی حوصلہ افزائی

بھارت کو شکست دے کر انڈر 19ایشیا کپ جیتنے والی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے استقبالیے کا اہتمام اور کھلاڑیوں کے لیے نقد انعامات کا اعلان خوش آئند ہے۔ یہ حوصلہ افزائی ملک میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے مثبت پیغام ہے۔ کرکٹ ملک میں سب سے زیادہ کھیلا اور پسند کیے جانے والا کھیل ہے مگر دیگر کھیلوں پر بھی حکومتی توجہ کی ضرورت ہے۔ ایک وقت تھا کہ ہاکی کے میدان میں پاکستان کا ڈنکا بجتا تھا لیکن اب اس میدان میں کارکردگی ماند پڑگئی ہے۔ علاوہ ازیں اولمپکس‘ ایشین گیمز‘ کامن ویلتھ گیمز‘ ورلڈ چیمپئن شپ اور دیگر بین الاقوامی مقابلوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی بہت کم کھیلوں تک محدود رہ گئی ہے۔ جن کھیلوں میں کھلاڑی شریک ہوتے ہیں‘ وہاں بھی چند ایک کے علاوہ باقی کھیلوں میں متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا پاتے۔

حکومتی عدم توجہی اور وسائل کی کمی کی وجہ سے نوجوانوں کی صلاحیتیں پروان نہیں چڑھ پاتیں۔ حکومت کو چاہیے کہ کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے‘ کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ‘ جدید سہولیات اور مالی معاونت فراہم کی جائے۔ کھیلوں کے سرپرستی سے نہ صرف عالمی سطح پر ملک کا نام روشن ہو گا بلکہ نوجوان طبقہ جسمانی طور پر متحرک‘ تندرست اور اجتماعی انداز میں مثبت سرگرمیوں میں مشغول ہو گا جس سے معاشرتی اور ذہنی صحت بھی بہتر ہو گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں