چاول کی برآمدات
ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان چاول کی برآمدات میں ویتنام کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چاول کا تیسرا بڑا برآمد کنندہ ملک بن گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2025ء میں پاکستان نے چار لاکھ 89 ہزار ٹن چاول عالمی منڈیوں میں برآمد کیا جبکہ اسی عرصے میں ویتنام کی برآمدات تین لاکھ 87 ہزار ٹن رہیں۔ پاکستان کی مجموعی چاول برآمدات میں تقریباً 50 فیصد باسمتی چاول ہیں۔گزشتہ مالی سال کے دوران بھی غذائی اجناس کی برآمدات میں چاول کا حصہ نمایاں رہا جن کی مجموعی مالیت تین ارب 20 کروڑ ڈالر سے زائد رہی۔ پاکستانی باسمتی چاول اپنی خوشبو‘ ذائقے اور اعلیٰ معیار کے باعث عالمی سطح پر غیر معمولی مقبولیت رکھتا ہے ۔ تاہم زرعی مداخل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور وسائل کی کمی کاشتکار کیلئے مشکلات کا سبب ہیں ۔

حکومت کو چاہیے کہ چاول کی برآمدات میں مزید اضافے کیلئے کاشتکاروں کو سستے اور معیاری زرعی مداخل کی فراہمی یقینی بنانے کیساتھ ساتھ برآمدی چاول کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ پاکستانی چاول عالمی سطح پر مسابقت برقرار رکھ سکے‘ جس کیلئے جدید پروسیسنگ‘ پیکیجنگ اور کوالٹی کنٹرول لازمی ہیں۔ ساتھ ہی قانونی و ریگولیٹری فریم ورک کوبھی آسان اور شفاف بنایا جائے تاکہ برآمدی عمل میں آسانی اور تیزی آئے اور چاول کی برآمدات اضافے کی جانب گامزن رہیں۔