فری لانسنگ آمدنی
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر2025ء) کے دوران فری لانسرز نے 50 کروڑ ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ کمایا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے میں یہ رقم 35 کروڑ 20لاکھ ڈالر تھی۔ایک سال کے دوران فری لانسرز کی آمدنی میں 42 فیصد اضافہ قابل ذکر نمو کو ظاہر کرتا ہے۔ ملک عزیز کی نوجوان آبادی‘ جو مجموعی آباد ی کا تقریباً 60 فیصد ہے‘ قومی آمدنی میں جن ذرائع سے حصہ ڈال سکتی ہے فری لانسنگ ان میں ایک اہم ذریعہ ہے۔ فری لانس پلیٹ فارمز کی مارکیٹ کی مالیت 2025ء میں چھ ارب ڈالر سے زیادہ تھی اور 2033ء تک یہ 24 ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہے۔ فری لانسنگ مارکیٹ کا بڑا حصہ سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ‘ ڈیجیٹل مارکیٹنگ‘ کانٹینٹ کری ایشن‘ گرافک ڈیزائنگ اور ای کامرس کے شعبوں پر مبنی ہے۔

اس ابھرتی ہوئی عالمی مارکیٹ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کیلئے ان شعبوں میں نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں حکومتی سطح پر جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان کی افادیت فری لانسنگ کی آمدنی میں اضافے سے نظر آتی ہے‘ مگر اب بھی بہت سے شعبوں میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ خصوصاً جدید پروگرامنگ سکھانے اور فری لانسنگ کے عالمی رجحانات کو سمجھنے میں نوجوانوں کو مزید مدد کی ضرورت ہے۔