اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

قومی ہاکی ٹیم کے مسائل

آسٹریلیا میں ایف آئی ایچ پرو لیگ میں شرکت کیلئے جانے والے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے مینجمنٹ پر ناقص انتظامات کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ہاکی ٹیم کے کپتان کے مطابق ٹیم مینجمنٹ کی بدانتظامی کی وجہ سے کھلاڑیوں کو سڑکوں پر رہنا پڑا‘ ان سے وہاں کچن‘ برتن‘ کپڑے اور باتھ روم صاف کروائے گئے جس سے کھلاڑیوں کا مورال اور مجموعی کارکردگی متاثر ہوئی۔ ٹیم کے کوچ نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ حکومت کو اس معاملے کی تحقیقات کرانی چاہئیں تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔ پاکستان ہاکی کو درپیش مشکلات کئی برسوں پر محیط ہیں۔ ہاکی ملک کا قومی کھیل ہے مگرپاکستان نے آخری عالمی کپ 1994ء میں جیتا تھا۔ اس کے بعد کھیل میں مسلسل زوال اور بدانتظامی کا سلسلہ جاری ہے۔

حکومت‘ سپورٹس بورڈ اور ہاکی فیڈریشن کو مل کر ہاکی کے احیاء کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ یہ اسی صورت ممکن ہے جب کھلاڑیوں کو مقامی اور عالمی مقابلوں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں‘ جدید کوچنگ اور تربیتی وسائل میسر ہوں اور مالی شفافیت یقینی بنائی جائے۔ ضروری ہے کہ حکومت‘ سپورٹس بورڈ اور ہاکی فیڈریشن ایک مربوط اور جامع منصوبہ بندی کریں تاکہ پاکستان کا قومی کھیل دوبارہ عالمی سطح پر اپنی پہچان بحال کر سکے اور کھلاڑی بغیر کسی پریشانی کے بہترین کارکردگی پیش کر سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں