اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

شدید گرمی کا انتباہ

محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت میں معمول سے چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ درجہ حرارت میں اس غیرمعمولی اضافے کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر تیزی سے بڑھتی موسمیاتی تبدیلیاں ہیں جن کے باعث ہر سال گرمی کی شدت میں اضافہ اور موسموں کے معمولات میں بگاڑ واضح ہوتا جا رہا ہے۔ اس صورتحال میں عوام کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہے۔ اس ضمن میں شدید گرمی کے دوران بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز‘ پانی کا زیادہ استعمال‘ ہلکے اور ڈھیلے کپڑوں کا انتخاب اور بزرگوں و بچوں کا خصوصی خیال رکھنا بنیادی اقدامات ہیں۔ بالخصوص تعلیمی اداروں میں اس حوالے سے ہنگامی اقدامات ضروری ہے‘ جہاں تنگ اور حبس زدہ کلاس روم گرمی کی شدت کو مزید بڑھا دیتے ہیں۔

سکولوں کی انتظامیہ کو ٹھنڈے پانی کے کولروں اور لوڈ شیڈنگ کی صورت میں بجلی کا متبادل انتظام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بچے گرمی کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔ حکومت کی ذمہ داری اس سے کہیں بڑھ کر ہے۔ شدید گرمی کے پیشِ نظر شہری علاقوں میں پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی‘ ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات اور عوامی آگاہی مہمات ناگزیر ہیں۔ ایمرجنسی اور ریسکیو اداروں کو بھی اس ممکنہ صورتحال کیلئے پیشگی تیار رہنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں