جرمانوں میں کمی
پنجاب موٹروہیکل ترمیمی بل 2026ء پر گورنر پنجاب کے دستخط کے بعد نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں نمایاں ہو گئی ہے بلکہ قید کی سزائیں بھی ختم ہو گئی ہیں۔ جرمانوں میں کمی بلاشبہ بڑا عوامی ریلیف ہے‘ تاہم یہ پہلو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ ماضی قریب میں جب جرمانے نسبتاً زیادہ سخت کیے گئے تو اسکے نتیجے میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی تھی۔ ہیلمٹ کے استعمال میں اضافہ ہوا‘ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کی شرح بڑھی اور شہریوں میں ٹریفک نظم و ضبط کے حوالے سے ایک مثبت رویہ پیدا ہوا۔ اب جرمانوں میں کمی کے بعد کیا یہ بہتری برقرار رہ سکے گی؟

یہ حقیقت بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ صرف سزا کا خوف ہی نہیں بلکہ مستقل آگاہی اور موثر نفاذ بھی قانون کی پاسداری کو یقینی بناتے ہیں۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ٹریفک پولیس قوانین کے نفاذ کے نظام کو زیادہ مؤثر اور شفاف بنائے۔ مزید یہ کہ شہریوں کو یہ سمجھانا ضروری ہے کہ ٹریفک قوانین محض مالی سزا سے بچنے کیلئے نہیں بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے بنائے گئے ہیں۔ جرمانوں میں کمی کے ساتھ اگر قانون کی عملداری کمزور پڑ گئی تو سڑکوں کی حفاظت اور شہری نظم و ضبط متاثر ہو سکتا ہے۔ اصل چیلنج یہی ہے کہ ریلیف اور ریگولیشن کے درمیان ایسا توازن قائم رکھا جائے جو عوامی سہولت اور ٹریفک نظم دونوں کو یکساں طور پر یقینی بنائے۔