اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ہیٹ ویو

محکمہ موسمیات نے 12جون تک ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی ہے۔ خاص طور پر سندھ کے متعدد اضلاع میں درجہ حرارت 51 اور پنجاب میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا کہا گیا ہے۔ ہیٹ ویو کے خطرات کے پیشِ نظر عوامی سطح پر احتیاط انتہائی ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق عوام کو صبح 11بجے سے شام چار بجے تک غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنا چاہیے۔ اگر باہر جانا ہو تو سر کو ٹوپی‘ کپڑے یا چھتری سے ڈھانپا جائے۔ ہلکے رنگ کے ڈھیلے ڈھالے سوتی کپڑے استعمال کیے جائیں اور پانی کا استعمال معمول سے زیادہ رکھا جائے۔

بزرگ افراد‘ بچے‘ حاملہ خواتین‘ مریض اور کھلے آسمان تلے کام کرنے والے مزدور ہیٹ ویو سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔والدین کو چاہیے کہ بچوں کو دھوپ میں کھیلنے سے روکیں۔ اس صورتحال میں حکومتی اداروں کی ذمہ داری بھی بڑھ جاتی ہے۔ محکمہ صحت‘ ضلعی انتظامیہ اور مقامی حکومتوں کو ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک وارڈز‘ ہنگامی طبی سہولیات اور عوامی آگاہی مہمات کو مزید فعال بنانا چاہیے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور عوام مل کر نہ صرف موجودہ گرمی کی لہر کے اثرات کم کرنے کیلئے اقدامات کریں بلکہ طویل المدتی بنیادوں پر ایسے فیصلے بھی کریں جو آنیوالی نسلوں کو ایک محفوظ اور قابلِ رہائش ماحول فراہم کر سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں