آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے بارہویں عام انتخابات کا پہلا مرحلہ گزشتہ روز مجموعی طور پر خیریت سے مکمل ہو گیا۔ پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور‘ کوٹلی اور بھمبر کے 13انتخابی حلقوں میں پولنگ ہوئی جہاں ووٹروں نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ یہ مرحلہ اس اعتبار سے اہم تھا کہ اس نے نہ صرف انتخابی انتظامات کا عملی امتحان لیا بلکہ آئندہ مراحل کیلئے کئی ایسے اسباق بھی چھوڑے ہیں جن سے صرفِ نظر نہیں کیا جا سکتا۔اگرچہ انتخابی عمل مجموعی طور پر ہموار رہا‘ تاہم بعض پولنگ سٹیشنوں پرووٹروں کے طویل انتظار‘مبینہ دھاندلی‘ انتخابی ضابطہ کار کی خلاف ورزی‘ بیلٹ باکس اٹھائے جانے‘ لڑائی جھگڑے اور فائرنگ سے متعلق واقعات نے سوالات بھی اٹھائے ہیں۔

انتخابات کا دوسرا مرحلہ چھ دن بعد مظفرآباد ڈویژن کے نو انتخابی حلقوں میں منعقد ہونا ہے۔الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کو چاہیے کہ وہ آئندہ مراحل کیلئے مؤثر انتظامات یقینی بنائے۔ پولنگ عملے کی پیشہ ورانہ تربیت‘ حساس پولنگ سٹیشنوں پر بہتر نظم و نسق‘ سکیورٹی کے جامع انتظامات‘ بروقت مواصلاتی سہولت اور ووٹروں کی آسان رہنمائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہر شہری بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکے۔شفاف‘ منظم اور پُرامن انتخابات ہی جمہوری نظام کی حقیقی بنیاد ہوتے ہیں۔ اگر پہلے مرحلے میں سامنے آنے والی خامیوں کا بروقت تدارک کر لیا جائے تو باقی مراحل نہ صرف زیادہ منظم انداز میں مکمل ہو سکتے ہیں بلکہ عوام کا انتخابی عمل پر اعتماد بھی مضبوط ہوگا۔