اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

پاکستان کی جیت

آسٹریلیا کی وفاقی عدالت کی جانب سے بھارت کی باسمتی چاول کے نام پر خصوصی ٹریڈ مارک حقوق حاصل کرنے کی اپیل مسترد ہونا پاکستان کیلئے ایک اہم تجارتی پیشرفت ہے۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق باسمتی ایسا نام نہیں جس پر بھارت کو اجارہ داری حاصل ہو کیونکہ یہ چاول پاکستان میں بھی پیدا ہوتا ہے اور پاکستانی تاجروں کو اس نام کے استعمال کا جائز حق حاصل ہے۔ باسمتی چاول اپنی مخصوص خوشبو‘ ذائقے اور معیار کے باعث عالمی منڈی میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے دس مہینوں میں مجموعی طور پر تقریباً 36 لاکھ ٹن چاول برآمد کیے گئے‘ جن کی مالیت ایک ارب 87کروڑ ڈالر سے زائد رہی۔ چاول کی برآمدات میں مزید اضافے کیلئے پاکستانی باسمتی کی عالمی سطح پر مؤثر برانڈنگ‘ معیار کی مستقل نگرانی‘ جدید پراسیسنگ اور پیکیجنگ ناگزیر ہے۔

اگر باسمتی چاول کو اس کے اصل معیار کیساتھ عالمی منڈی میں پیش کیا جائے تو اسکی قدر میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔باسمتی کیساتھ چاول کی دیگر اقسام پر بھی توجہ دی جانی چاہیے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ کسان کو بہتر بیج‘ پانی‘ زرعی تحقیق اور جدید طریقہ ہائے کاشت فراہم کیے جائیں جبکہ برآمد کنندگان کو آسان مالی سہولتیں‘ مسابقتی توانائی کی قیمتیں اور عالمی منڈیوں تک رسائی دی جائے۔باسمتی چاول پر بھارتی اجارہ داری کے دعوے کی عدالتی تردید پاکستان کیلئے بہت اہم قانونی جیت ہے ‘ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے اور چاول کی برآمدات کو بڑھایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں