شدید گرمی کے زرعی شعبے پر اثرات
اقوامِ متحدہ کے اداروں فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن اور ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کی مشترکہ رپورٹ ’’ایکسٹریم ہیٹ اینڈ ایگریکلچر‘‘ کے مطابق پنجاب میں گرمی کی لہروں کی بڑھتی ہوئی شدت اور دورانیہ زرعی پیداوار کو متاثر کر رہا ہے‘ جس سے کسانوں کی آمدن میں کمی اور غذائی عدم تحفظ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں پنجاب کے زیادہ بارش والے علاقوں میں پھلوں کی پیداوار میں 50فیصد تک کمی کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ حکومت کو موسمیاتی تبدیلی کے زرعی شعبے پر منفی اثرات کے تدارک کیلئے ایک جامع حکمتِ عملی تشکیل دینا ہو گی۔ اس ضمن میں بیجوں کی ایسی نئی اقسام تیار اور متعارف کرانے کی ضرورت ہے جو شدید گرمی‘ خشک سالی اور پانی کی قلت برداشت کرتے ہوئے بہتر پیداوار دے سکیں۔

اس کیساتھ زرعی مداخل کی ارزاں نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ کسان کی فی ایکڑ پیداواری لاگت کم ہو۔ ان اقدامات سے نہ صرف کسان کی معیشت بہتر ہو سکتی ہے بلکہ غذائی اجناس بھی سستی ہوسکتی ہیں۔ پاکستان میں غذائی تحفظ اور زرعی معیشت کا استحکام موسمیاتی تبدیلیوں سے مؤثر طور پر نمٹنے سے مشروط ہے۔ اگر حکومت نے زرعی شعبے کو موسمیاتی خطرات سے محفوظ بنانے کی بروقت منصوبہ بندی نہ کی تو مستقبل میں اس کے نتائج کسانوں کی بدحالی‘ غذائی قلت اور مہنگائی کی صورت میں پوری قوم کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔