قرضے ، کاروبار اور چیلنجز
ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے وزیراعظم یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون سکیم کے تحت قرضوں کی حد 75لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کرنے کا اعلان بظاہر خوش آئند اور معاشی تحرک پیدا کرنے والا قدم نظر آتا ہے‘ جس کا مقصد نوجوان افرادی قوت کو سرمایہ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں اور ملکی معیشت میں بھی حصہ ڈال سکیں۔ موجودہ دور میں جب کاروباری لاگت میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے‘ پرانی مالیاتی حدیں موجودہ کاروباری ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ناکافی ہیں۔ تاہم اس سکیم کے اب تک کے اعداد وشمار کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ محض قرضوں کی حد میں اضافہ کر دینا ہی تمام مسائل کا حل نہیں‘ جب تک کہ اُن بنیادی رکاوٹوں کو دور نہ کیا جائے جو چھوٹے کاروباروں اور نئے سٹارٹ اَپس کی راہ میں حائل ہیں۔ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے لون اپیلی کیشن ڈیش بورڈ کے مطابق اب تک موصول ہونے والی 37 لاکھ سے زائد درخواستوں میں سے 20لاکھ سے زائد درخواستیں مسترد ہوئیں اور صرف چار لاکھ 48 ہزار کے قریب درخواستیں ہی منظور کی جا سکیں‘ جو مجموعی درخواستوں کا محض 12 فیصد بنتا ہے۔

بڑی تعداد میں درخواستوں کا مسترد ہونا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارے مروجہ قوانین اور قرضے کی شرائط عام نوجوانوں اور چھوٹے کاروباری افراد کی پہنچ سے دور ہیں۔ جب پیچیدہ شرائط‘ ضمانتی جھنجھٹ اور سخت کاغذی کارروائی کی وجہ سے بیشتر درخواستیں مسترد ہو جائیں تو اس سے نہ صرف نوجوانوں میں مایوسی پھیلتی ہے بلکہ حکومتی سکیموں کی افادیت پر بھی سوالات کھڑے ہو جاتے ہیں۔ قرضوں کی حد کو بڑھانا صرف انہی لوگوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہو سکے گا جو پہلے ہی مالیاتی اداروں کی کڑی شرائط پر پورا اترنے کی اہلیت رکھتے ہیں جبکہ ایک عام نوجوان اب بھی اس نظام کے جھمیلوں میں پھنسا رہے گا۔ درخواستوں کے مسترد ہونے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اکثر چھوٹے کاروبار اور سٹارٹ اَپس ملکی مالیاتی دھارے سے باہر‘ اور غیر رسمی معیشت کا حصہ ہوتے ہیں۔ چھوٹے دکاندار‘ ابھرتے کاروباری نوجوان اور گھریلو سطح پر کام کرنے والے افراد نہ تو ٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ ہوتے ہیں اور نہ ہی ان کے پاس کوئی باقاعدہ مالیاتی ریکارڈ ہوتا ہے‘ جس کی وجہ سے وہ قرضوں اور دیگر مالی سبسڈی کے حقدار نہیں ٹھہرتے۔ اس صورتحال میں حکومت کو چاہیے کہ قرضوں کی حد بڑھانے کے ساتھ ساتھ ایسا میکانزم بھی بنایا جائے جو غیر رسمی شعبے کو رسمی معیشت سے جوڑنے کا کام کرے۔
علاوہ ازیں چھوٹے کاروبار اور سٹارٹ اَپس اس وقت توانائی کی بلند قیمتوں اور عدم دستیابی اور ٹیکس کے پیچیدہ نظام کے سبب بھی محدودیت کا شکار ہیں۔ بجلی اور گیس کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کاروباری لاگت کو اس حد تک بڑھا چکا ہے کہ چھوٹے اداروں کیلئے اپنے روزمرہ کے اخراجات پورے کرنا ہی محال ہو چکا ہے۔ دوسری طرف ٹیکس کا نظام اس قدر پیچیدہ اور الجھا ہوا ہے کہ چھوٹے تاجر اس کو سمجھ ہی نہیں پاتے۔ انرجی بحران اور ٹیکسوں کی پیچیدگی نے کاروباری ماحول کو اس قدر دشوار بنا دیا ہے کہ نئے کاروبار شروع کرنا تو رہا ایک طرف‘ پہلے سے موجود کاروباروں کو بچانا بھی ایک چیلنج بن چکا ہے۔ ایسے کٹھن حالات میں صرف قرض کی رقم بڑھا دینے سے معیشت کا پہیہ نہیں چل سکتا جب تک کہ پیداواری لاگت کو کم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات نہ کیے جائیں۔ معیشت کی حقیقی ترقی تبھی ممکن ہے جب ان بنیادی رکاوٹوں کو بھی دور کیا جائے جو کاروبار کی راہ میں حائل ہیں۔ جب تک معاشی اصلاحات کا جامع پیکیج نافذ نہیں کیا جاتا تب تک محض قرضوں کی حد بڑھا دینے سے کوئی بڑی تبدیلی آنا دشوار ہے۔