پٹرولیم قیمتیں، ریلیف ندارد
گزشتہ ہفتے کے دوران پٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر تقریباً 32 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 25 روپے فی لٹر کمی خوش آئند ہے لیکن اس کمی کے ثمرات عملی طور پر عوام تک منتقل نہیں ہو سکے۔ نہ تو پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کوئی کمی دیکھنے میں آئی ہے اور نہ ہی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں۔ حکومت کو چاہیے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی یقینی بنائے۔ نقل و حمل کے اخراجات میں کمی سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی کمی متوقع ہے۔ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔ گزشتہ آٹھ ماہ سے‘ جب سے امریکہ ایران جنگ جاری ہے‘ دیگر ممالک کی طرح پاکستان کے عوام نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سمیت حکومت کے مشکل معاشی فیصلوں کے اثرات برداشت کیے ہیں۔

مگر اب جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں پاکستان میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی آئی ہے تو عوام کو اس کا فائدہ ملنا چاہیے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو ٹرانسپورٹ‘ اشیائے خورونوش اور دیگر شعبوں میں منتقل کرنے کے لیے نگرانی کا ایک مؤثر نظام قائم کرے۔ قیمتوں میں اضافے کی طرح کمی کے اثرات بھی فوری طور پر عوام تک پہنچنے چاہئیں۔