اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

مستقل بجلی بحران

ایک خبر کے مطابق ملک میں پن بجلی کی پیداوار میں کمی اور ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث بجلی کا شارٹ فال چار ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا ہے۔ پانی کے اخراج میں کمی کے باعث پن بجلی کا حصہ سات ہزار سے کم ہو کر چار ہزار میگاواٹ رہ گیا ہے‘ جبکہ ایل این جی سے چلنے والے چھ ہزار میگاواٹ صلاحیت کے پاور پلانٹس بھی بند پڑے ہیں‘ جس کے سبب مختلف علاقوں میں تین سے چار گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ ملک میں توانائی کے مستقل بحران کی بنیادی وجہ توانائی کے شعبے میں طویل مدتی منصوبہ بندی کا فقدان ہے۔ بجلی کی غیر متواتر فراہمی سے نہ صرف گھریلو صارفین بلکہ صنعتی شعبہ بھی شدید متاثر ہوتا ہے جس کے اثرات براہِ راست ملکی معیشت اور روزگار پر مرتب ہوتے ہیں۔

حکومت کو بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے عبوری اور پائیدار‘ ہر دو طرح کے اقدامات پر توجہ دینی چاہیے۔ عبوری اقدامات میں پاور پلانٹس کو ایل این جی کی فراہمی کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے چاہئیں جبکہ بحران کے پائیدار حل کیلئے بجلی کی طلب کا درست تخمینہ لگانے اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق پیداواری منصوبے ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ بجلی ملک کی معاشی ترقی‘ صنعتی سرگرمیوں اور عوامی زندگی کیلئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ حکومت کو ایسی جامع توانائی پالیسی تشکیل دینا ہوگی جو بجلی کی سستی پیداوار کیساتھ اس کی بلاتعطل فراہمی بھی یقینی بناسکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں