اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

سموگ کے اسباب

لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع ان دنوں شدید سموگ کی لپیٹ میں ہیں۔ حکومت پنجاب کے آفیشل اے کیو آئی ڈیش بورڈ کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 458 پوائنٹس تک پہنچ گیا جبکہ کوٹ ادو‘ ننکانہ صاحب‘ وہاڑی اور پاکپتن میں یہ شرح 500 پوائنٹس تک رہی۔ فضائی آلودگی اس وقت ملک کو درپیش ایک سنجیدہ چیلنج بن چکی ہے لیکن اس سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات اب بھی سطحی اور عارضی نوعیت کے ہیں۔ اس عفریت کے مستقل خاتمے کے لیے اس کے حقیقی اسباب کا تدارک ناگزیر ہے۔ اربن یونٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق لاہور کی فضائی آلودگی میں گاڑیوں کے دھوئیں کا حصہ 83 فیصد ہے جبکہ صنعتوں سے نو فیصد‘ زراعت سے تقریباً چار فیصد اور کوڑا جلانے سے ساڑھے تین فیصد آلودگی پیدا ہوتی ہے۔

پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو کی ایک رپورٹ کے مطابق یکم اکتوبر سے 9 نومبر تک پنجاب میں سیٹیلائٹ کے ذریعے فصلوں کی باقیات جلانے کے 16ہزار 714 واقعات شناخت کیے گئے‘ جو آلودگی میں اضافے کا سبب بنے۔ اسی طرح ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد 73 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور بیک وقت لاکھوں گاڑیوں سے نکلنے والا زہریلا دھواں فضائی آلودگی میں اضافے کا سب سے بڑا سبب ہے‘ مگر اس کے تدارک کیلئے مؤثر اقدامات ہوتے دکھائی نہیں دیتے۔ ان بنیادی اسباب پر توجہ دیے بغیر فضا کو سانس لینے کے قابل نہیں بنایا جا سکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں