خشک سالی کے خطرات
محکمہ موسمیات نے سندھ‘ بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کے خطرے میں اضافے کا عندیہ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں گزشتہ چار‘ پانچ ماہ کے دوران معمول سے کم بارشیں ہوئیں جبکہ دسمبر سے فروری تک بھی معمول سے کم بارشوں کا خدشہ ہے جس سے زراعت‘ مویشیوں اور انسانی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔سندھ اور بلوچستان کے چھ اضلاع پہلے ہی آبی قلت کا شکار ہیں۔ صوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بروقت انتظام کیا جائے اور آبپاشی کیلئے دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے‘ جبکہ مویشیوں کیلئے پانی اور چارے کا بندوبست بھی کیا جائے۔

عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق پاکستان 2035ء تک مکمل آبی قلت کا شکار ہو سکتا ہے‘سمجھا جائے تو ہم اب اس خطرے کے نشان سے زیادہ دور نہیں۔ اس لیے حکومت کو پانی کی قلت کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے طویل المدتی حکمت عملی بنانا ہو گی۔ ضروری ہے کہ ملک بھر میں مون سون میں ہونیوالی بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے چھوٹے ڈیم‘ تالاب اور آبی ذخائر تعمیر کیے جائیںتاکہ اس پانی کو بوقت ضرورت استعمال کیا جا سکے۔ اس طرح گھریلو‘ صنعتی اور زرعی شعبوں میں پانی کا ضیاع اور بے دریغ استعمال روکنا بھی ناگزیر ہے۔