بدعنوانی اور ادارہ جاتی اصلاحات
وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری اداروں میں بدعنوانی کے امکانات اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی کیلئے جائزہ رپورٹ کی تیاری کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا سکتا ہے‘ بشرطیکہ اسے عملی اصلاحات کی بنیاد بنایا جائے اور اس کے اثرات نظر آئیں۔ اگلے روز وفاقی حکومت کے تین وزرا نے پریس کانفرنس میں اس حوالے سے بتایا تھا کہ ’’نیشنل رِسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنریبلٹیز‘‘ کے تحت 25وفاقی اداروں کا جائزہ لیا گیا جن میں سے ایف بی آر‘ پاکستان ریلوے‘ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت دس اداروں کیلئے تفصیلی اشاریے مرتب کیے گئے اور ادارہ جاتی کمزوریوں‘ اختیارات کے ممکنہ ناجائز استعمال‘ نگرانی کے نظام اور مالی بے ضابطگیوں کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اداروں کی کمزوریوں کی نشاندہی شفافیت اور بہتر انتظامی کارکردگی کی جانب پہلا قدم ثابت ہو سکتا ہے‘ مگر ہمارے ہاں ماضی میں بھی ایسی رپورٹیں‘ آڈٹ اعتراضات اور سفارشات سامنے آتی رہی ہیں لیکن بدعنوانی میں کمی کے بجائے اضافہ ہی ہوا۔ ہمارے ہاں اصل مسئلہ ان کمزوریوں کی نشاندہی سے زیادہ ان کے تدارک کیلئے مؤثر عملی اقدامات کے فقدان کا ہے۔ سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو شفافیت کا مسئلہ واضح دکھائی دیتا ہے۔

حکومت کو چاہیے کہ نیشنل رِسک اسیسمنٹ رپورٹ کے نتائج جلد عوام کے سامنے رکھے‘ ہر ادارے کیلئے واضح اصلاحاتی اہداف مقرر کرے اور ان پر عملدرآمد کی مدت کا تعین کرے تاکہ عوام جان سکیں کہ کن اداروں میں بدعنوانی کی کیا صورتحال ہے اور اس کے ممکنہ محرکات کیا ہیں۔ سسٹم کی تشخیص کا یہ عمل بدعنوانی کے تدارک کی مؤثر حکمت عملی وضع کرنے کیلئے ضروری ہے۔ بدعنوانی کے خلاف جنگ صرف احتسابی اداروں یا حکومتی دعوؤں سے نہیں جیتی جا سکتی‘ اس کیلئے سیاسی عزم‘ مضبوط ادارے‘ غیر جانبدار احتساب‘ میرٹ پر تقرریاں اور قانون کی یکساں عملداری ناگزیر ہے۔ اگر حکومت واقعی خود احتسابی کی روایت قائم کرنا چاہتی ہے تو اسے اپنی صفوں سے آغاز کرنا ہو گا۔ قومی وسائل عوام کی امانت ہیں اور ان کے تحفظ کی ذمہ داری ہر حکومتی ادارے پر عائد ہوتی ہے۔ نیشنل رِسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنریبلٹیز ایک مثبت آغاز ہو سکتی ہے لیکن اس کی اصل کامیابی کا پیمانہ اس کے صفحات یا سفارشات کی تعداد نہیں بلکہ وہ عملی تجاویز اور تبدیلی ہوگی جو شہریوں کو سرکاری اداروں کی کارکردگی‘ خدمات اور شفافیت میں نظر آئے گی۔ یہ واضح ہونا چاہیے کہ بدعنوانی محض چند افراد کی بدعنوانی یا اختیارات کے ناجائز استعمال کا نتیجہ نہیں ہوتی بلکہ ایسے فرسودہ انتظامی اور ادارہ جاتی نظام کی پیداوار ہوتی ہے جس میں کمزور نگرانی‘ غیر مؤثر احتساب‘ اختیارات کا غیرضروری ارتکاز اور شفافیت کا فقدان بدعنوان عناصر کیلئے سازگار ماحول مہیا کرتا ہے۔
بدعنوانی کے خاتمے کیلئے رنگ رنگ کے اقدامات اور مہمات شروع کی گئیں لیکن ان کے خاطر خواہ نتائج برآمدنہ ہوسکے۔ کمزور نگرانی‘ غیر مؤثر احتساب‘ اختیارات کے غیرضروری ارتکاز اور شفافیت کے فقدان سے بدعنوانی کے تدارک کے بجائے اس کی سہولت کاری کی توقع ہی کی جاسکتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سسٹم میں وہ ضروری اصلاحات کی جائیں جو شفافیت کو یقینی بنائیں۔ وفاقی سطح پر ایسا کوئی نتیجہ خیز اقدام صوبوں کی سطح پر بھی قابلِ تقلید اور نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کیلئے اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبوں کے پاس اضافی وسائل اور بے کراں اختیارات کے ارتکاز کے بعد اس امر کی ضرورت کہیں زیادہ شدت سے محسوس ہونے لگی کہ شفافیت کو یقینی بنانے کا کوئی مؤثر نظام صوبوں کی سطح پر بھی ہو۔ کیا وفاقی حکومت کے مذکورہ اقدامات سے ملک میں بدعنوانی کی راہ روکنے کیلئے مؤثر اقدامات ہو سکیں گے‘ اس کا جواب وقت ہی دے سکتا ہے۔