سموگ اور صحتِ عامہ کے خدشات
قومی ادارۂ صحت نے موسمی انفلوئنزا اور سموگ کے باعث پیدا ہونے والے صحت کے خطرات کے پیشِ نظر ملک گیر ہیلتھ ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی محکمہ ہائے صحت کو موسمی بیماریوں کی مؤثر نگرانی‘ بروقت تشخیص اور علاج معالجے کا نظام بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات ایسے وقت میں جاری کی گئی ہیں جب ملک کے بیشتر وسطی اضلاع سموگ کی لپیٹ میں ہیں اور اسکے صحت پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ آلودہ فضا میں سانس لینے سے کھانسی‘ گلے کی خراش‘ آنکھوں میں جلن اور دمہ جیسی بیماریاں شدت اختیار کر سکتی ہیں جبکہ طویل عرصے تک فضائی آلودگی کا سامنا کرنے سے پھیپھڑوں اور دل کے امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر سال فضائی آلودگی کے باعث تقریباً دو لاکھ افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے بیک وقت دو محاذوں پر کام کرنا ہوگا۔

ایک طرف سموگ کے اسباب کا مستقل تدارک کیا جائے اور دوسری طرف اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام اور علاج کا مؤثر نظام بنایا جائے۔ حکومت کو چاہیے کہ سرکاری ہسپتالوں میں سموگ سے متاثرہ مریضوں کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم کیے جائیں۔ علاج معالجے کی سہولیات بڑھانے کے ساتھ حکومت کو صنعتی دھوئیں اور گاڑیوں کے اخراج کی مؤثر نگرانی‘ آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے خلاف کارروائی اور صاف ایندھن کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔