تاریخ ساز پیش رفت
ملک عزیزپاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرچکا ہے۔ پہلے پاکستانی خلا باز‘ محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن شین زو24 کے ذریعے چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن پر روانہ ہوئے ہیں۔ وہ چین کے خلائی سٹیشن پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں۔ یہ محض ایک فرد کے خلائی سفر کا معاملہ نہیں بلکہ پاکستان کے سائنسی شعبے میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ محمد ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ سپیشلسٹ کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کریںگے اور دورانِ مشن تجرباتی آلات اور نمونوں کی تنصیب‘ انکی نگرانی‘ مقررہ سائنسی تجربات کی انجام دہی اور حاصل ہونیوالے ڈیٹا کی ریکارڈنگ اور ابتدائی جانچ کے ذمہ دار ہوں گے۔ یہ ایک بڑا چیلنج بھی ہے اور پاکستان کیلئے اپنی سائنسی صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر منوانے کا ایک موقع بھی۔ پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی تیانگونگ خلائی سٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے اور اس دوران چار سائنسی تجربات پر کام کریں گے‘ جن میں دو حیاتیاتی علوم اور دو میٹریل سائنسز سے متعلق ہیں۔ ان تجربات کا تعلق غذائی تحفظ‘ موسمیاتی تبدیلی‘ خلائی ماحول میں حیاتیاتی عمل اور مستقبل کی خلائی تحقیق سے ہے۔ ان تجربات سے حاصل ہونے والی معلومات مستقبل کے خلائی مشنز کے علاوہ زمین پر زرعی پیداوار‘ غذائی تحفظ اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔ چین اور پاکستان کی یگانگت کا زمین سے خلا تک پہنچنا مقام تحسین ہے۔

پہاڑوں سے بلند‘ سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی دوستی کے عملی مظاہر میں خلائی تحقیق کا اضافہ اس دوستی کو نئی بلندیوں تک لیجانے کا سبب ہے۔ تاہم یہاں یہ سوال بھی بجا ہے کہ پاکستان خود خلائی تحقیق کے میدان میں کہاں کھڑا ہے؟ ملک میں سائنسی تحقیقاتی ادارے سپارکو کا قیام 1961ء میں عمل میں آیا تھا اور 1962ء میں پاکستان نے رہبر وَن کے نام سے پہلا راکٹ فضا میں بھیجا تھا۔ پھر تقریباً تین دہائیوں تک مکمل خاموش چھائی رہی اور 1990ء میں مقامی طور پر تیار کردہ پہلا مصنوعی سیارہ بدر (اوّل) خلا میں بھیجا گیا۔ اسکے بعد خلائی پروگرام کی رفتار پھر سستی روی کا شکار ہو گئی۔ مالی وسائل کی کمی‘ پالیسیوں کے تسلسل کا فقدان اور تحقیق و ترقی پر محدود توجہ جیسے مسائل اس شعبے کی ترقی میں رکاوٹ بنتے رہے۔ 2018ء میں چین کے تعاون سے خلائی تحقیق کا مشن پھر سے شروع ہوا اور گزشتہ آٹھ برسوں میں پاکستان نو مختلف سیٹیلائٹس فضا میں بھیج چکا ہے۔2028ء میں چین کے چانگ ای8 قمری مشن کے ذریعے پاکستان مقامی طور پر تیار کردہ تقریباً 35 کلوگرام وزنی خلائی گاڑی بھی چاند پر بھیجنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ یہ پیشرفت اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ پاکستان اپنی تحقیقی اور تکنیکی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کرے۔محمد ذیشان علی کی یہ خلائی پرواز ملک کے نوجوانوں کیلئے ایک غیر معمولی تحریک ثابت ہوگی‘ تاہم اس میں تسلسل کیلئے اس شعبے میں مستقل سرمایہ کاری‘ جدید سائنسی اداروں کے قیام‘ جامعات میں تحقیق کے فروغ‘ سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی اور سپارکو کو مطلوبہ وسائل فراہم کرنا ازحد ضروری ہے۔