اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

نئے صوبے اور پارلیمان

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر حکومت کا مؤقف واضح ہے‘ پہلے عوام کی رائے معلوم کی جائے‘ ملک بھر میں عوامی رائے جاننے کیلئے بحث جاری ہے اور مناسب وقت آنے پر عوامی رائے پارلیمنٹ میں پیش کر دی جائے گی۔ وزیر اطلاعات کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے وفاقی کابینہ کے ارکان کو آپس میں بیان بازی سے گریز کی ہدایت کی گئی۔ جمہوری معاشروں میں اختلافِ رائے فطری امر ہے لیکن جب حکومتی صفوں کے اندر سے متضاد بیانات سامنے آنے لگیں تو نہ صرف انتظامی امور متاثر ہوتے ہیں بلکہ عوام میں بھی بے یقینی اور قیاس آرائیاں جنم لیتی ہیں۔ وزیر اطلاعات کی جانب سے ’مناسب وقت‘ کی بات بھی توضیح طلب ہے۔ اس وقت جب ملک کے سیاسی و سماجی حلقوں میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث گرم ہے‘ اس سے بہتر اور کونسا وقت ہو سکتا ہے؟ ہر جگہ پر یہ معاملہ موضوعِ بحث ہے مگر حیران کن بلکہ تشویشناک امر یہ ہے کہ جس فورم پر یہ بحث ہونی چاہیے وہاں اب تک ایسی کوئی پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔ دوسری جانب کابینہ کے ارکان کی جانب سے جو بیان بازی جاری ہے وہ ایک خالص آئینی اور انتظامی معاملے کو ابہام اور قیاس کی نذر کر رہی ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کا حتمی فیصلہ ملک کے منتخب ایوانوں نے کرنا ہے‘ ایسے میں یہ سوال اٹھنا بجا ہے کہ جب قطعی اختیار پارلیمان کے پاس ہے اور اس معاملے نے حتمی طور پر وہیں جانا ہے تو اس اہم قومی ایشو کو ایوان کے اندر زیرِ بحث لانے میں تاخیر کیوں؟

وفاقی وزرا‘ اتحادی جماعتیں اور اپوزیشن اس معاملے کو سیاسی بیٹھکوں اور ٹاک شوز میںزیر بحث لا رہے ہیں تو متعلقہ فورمز پر اٹھانے میں کیا امر مانع ہے۔ ضروری ہے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر پارلیمان میں بحث کی جائے۔ یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ وفاقی کابینہ کے اکثر اراکین اصولی طور پر نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کر چکے ہیں۔ حکومت کی اتحادی جماعتیں‘ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ق) بھی اس حوالے سے یکسو نظر آتی ہیں۔ اور حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) کی بات کی جائے تو وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت متعدد سنیئر اراکین نئے صوبوں کے حق میں بیان جاری کر چکے ہیں تو پھر اس معاملے کو عملی اور آئینی طور پر آگے بڑھانے میں تاخیر کی ضرورت نہیں۔ قومی ایوانوں میں اس معاملے کو زیر بحث لانے میں تاخیر کی وجہ سیاسی مصلحتیں‘ سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی کا فقدان اور پارلیمانی نمبر گیم کی پیچیدگیاں ہو سکتی ہیں تاہم اگر اس معاملے کو نیا سیاسی محاذ بنانے کے بجائے پارلیمان میں لیجایا جاتا ہے اور متعلقہ فورمز پر نئے صوبوں کے قیام کے ناقدین کے تحفظات دور کر دیے جائیں تو اس معاملے پر سیاسی اتفاقِ رائے کی امید بھی کی جا سکتی ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ سیاسی قیادت بالخصوص حکمران جماعت اس معاملے کو غیرضروری تاخیر کا شکار کر کے عوام کو اس کے فائدے سے مزید محروم نہ رکھے اور اپنی توانائیاں پارلیمانی عمل کے ذریعے اس معاملے کو آگے بڑھانے پر صرف کرے تاکہ اس اہم انتظامی و آئینی معاملے کو پارلیمان کے اندر بحسنِ انتظام تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ نئے انتظامی یونٹس کی ضرورت و اہمیت نوشتۂ دیوار ہے۔

پچھلے کچھ عرصہ کے دوران اس موضوع پر عوامی حلقوں میں جس تواتر سے گفتگو ہوئی اس نے نئے صوبوں کے مطالبے کو عوامی آواز بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس دوران رائے عامہ کے جو جائزے سامنے آئے ہیں ان میں چاروں صوبوں کے عوام کی جانب سے نئے صوبوں کے مطالبے کے حق میں واضح اکثریت کے ساتھ رائے دی گئی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ یہ بحث عوامی حلقوں اور ذرائع ابلاغ سے پارلیمان تک پہنچے اور جو وزرا اور سیاسی رہنما اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں یا کرنا چاہتے ہیں انہیں اس مقصد کیلئے پارلیمان کا معتبر فورم میسر آنا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں