کاروباری اعتماد میں کمی
ملک میں کاروباری اعتماد کا جائزہ لینے کیلئے کیے گئے ایک تازہ سروے کے مطابق مجموعی کاروباری اعتماد میں 36 فیصد کمی ہوئی ہے‘ جو گزشتہ سروے کے مثبت 13فیصد کے مقابلے میں منفی 23 فیصد پر آگیا ہے۔ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی 55پوائنٹس کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ سروے میں شامل 78فیصد شرکا کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران کاروباری حالات منفی سمت گئے ہیں جبکہ پہلے ایسا سمجھنے والوں کی شرح 47 فیصد تھی‘ جبکہ 44فیصد شرکا نے آئندہ چھ ماہ میں حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔کاروباری اعتماد میں اس گراوٹ کی کئی وجوہات ہیں۔ مہنگائی‘ بھاری ٹیکسوں‘ توانائی اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں‘ سکیورٹی خدشات اور حکومتی پالیسیوں میں غیر یقینی صورتحال نے کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے۔

عالمی سیاسی کشیدگی‘ خصوصاً امریکہ ایران جنگ اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال نے بھی ان مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ حکومت کو اس صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹیکسوں کا نظام سادہ اور مسابقتی بنانے‘ توانائی کی قیمتوں میں استحکام لانے‘ کاروباری اخراجات کم کرنے اور سرمایہ کاروں کو غیر ضروری سرکاری رکاوٹوں سے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ اس کیساتھ پالیسیوں میں تسلسل‘ بہتر سکیورٹی انتظامات اور سرمایہ کاروں کے مسائل کا بروقت حل بھی ناگزیر ہے۔