اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

نیا قومی میثاق ناگزیر

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ملک میں نئے میثاقِ جمہوریت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی مکالمے کیلئے جملہ سٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنا چاہیے۔ یہ محض ایک سیاسی مؤقف نہیں بلکہ ملک کے موجودہ معروضی حالات کی حقیقی عکاسی ہے‘ جہاں سیاسی محاذ آرائی سے امورِ حکومت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔صورتحال یہ ہے کہ علاقائی اور عالمی سطح پر پاکستان ایک مؤثر قوت کے طور پر اپنا تشخص قائم کرنے میں کامیاب دکھائی دیتا ہے۔ فی زمانہ دنیا کے اس حصے کے معاملات میں پاکستان ایک مڈل پاور کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔ علاقائی کشیدگی اور جنگوں میں ثالثی کے حوالے سے پاکستان کا ایک نیا کردار ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔ بین الاقوامی سفارتکاری میں پاکستان کی آواز کو بجا طور پر وزن دیا جا رہا ہے۔ سائنسی و تکنیکی میدانوں میں بھی اہم پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ستاروں پر کمند ڈالی جا رہی اور خلا کی تسخیر کی طرف قدم بڑھایا جا رہا ہے۔ مگر اس تابناک بیرونی تصویر کیساتھ جب داخلی حالات کا جائزہ لیا جاتا ہے تو سخت تضادات سامنے آتے ہیں۔ جو ملک عالمی تنازعات سلجھانے کی صلاحیت رکھتا ہے‘ وہ داخلی سطح پر سیاسی استحکام کے حوالے سے مشکلات میں گھرا ہوا ہے۔

اس وقت صورتحال یہ ہے کہ وفاقی وزرا ایک دوسرے کیخلاف مخاذ کھولے نظر آتے ہیں۔ حکومت اور اسکی اتحادی جماعتوں کے درمیان بھی کسی قسم کی ہم آہنگی نظر نہیں آ رہی۔ دوسری طرف حکومت اور اپوزیشن کے باہمی معاملات بھی پورب اور پچھم کی طرح ہیں۔ سیاسی ایوان جو عوامی مسائل کے حل اور قانون سازی کیلئے وقف ہونے چاہئیں‘ وہ قومی مسائل سے لاتعلق نظر آتے ہیں۔ فریقین ایک ساتھ بات چیت کی میز پر بیٹھنا تو دور‘ ایک دوسرے کا وجود تسلیم کرنے سے بھی گریزاں ہیں۔ یہاں بجا طور پر یہ سوال اٹھتا ہے کہ جب حکمران اتحاد خود انتشار کا شکار ہو اور اپوزیشن سے بات چیت کے تمام دروازے بھی بند ہوں‘ تو ایسے میں ملک کو درپیش مسائل کا حل کیسے نکلے گا؟ سیاسی عدم استحکام ملکی معیشت کو براہِ راست متاثر کر رہا ہے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل ہے اور ملکی جی ڈی پی میں سرمایہ کاری کا کُل حصہ محض 13.8فیصد ہے جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش میں یہی شرح بالترتیب 36 اور 28 فیصد ہے۔ اس وقت عوام کیلئے مہنگائی سب سے بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ اشیائے خور ونوش کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں‘ بھاری یوٹیلیٹی بلوں اور مسلسل سکڑتی قوتِ خرید نے متوسط اور غریب طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے مگر سیاسی ایوانوں کو ان عوامی مسائل سے جیسے کوئی سروکار ہی نہیں ہے۔

اس وقت ملک میں انتظامی بہتری اور عوامی محرومیوں کے ازالے کیلئے نئے صوبوں کے قیام سمیت کئی دیرینہ مسائل فوری توجہ کے طالب ہیں۔ اس نوعیت کے آئینی و قانونی معاملات وسیع تر سیاسی اتفاقِ رائے کے متقاضی ہیں۔ آئین میں ترمیم کا مسئلہ ہو یا وسائل کی منصفانہ تقسیم‘ یہ سب کچھ سیاسی مفاہمت ہی سے ممکن ہے۔ لہٰذا ان حالات میں ایک نئے میثاقِ جمہوریت کی اہمیت مزید واضح ہو جاتی ہے۔ اس میثاق کا بنیادی ایجنڈا معاشی استحکام‘ آئین و قانون کی بالادستی‘ جمہوری اداروں کی مضبوطی اور عوامی فلاح وبہبود ہونا چاہیے۔ سیاسی جماعتوں کو اپنی اَنا اور ضد کو بالائے طاق رکھ کر ملک کے وسیع تر مفاد میں یکجا ہونا ہو گا۔ پاکستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اور اس کی تعمیر و ترقی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

عالمی سطح پر حاصل ہونے والی کامیابیاں اسی وقت پائیدار ثابت ہو سکتی ہیں جب ملک کا اندرونی محاذ بھی مضبوط اور مستحکم ہو۔ نئے عمرانی معاہدے اور قومی مکالمے کے حق میں جو آوازیں اٹھ رہی ہیں انہیں مثبت انداز میں آگے بڑھانا چاہیے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ سیاسی قیادت بالغ نظری کا مظاہرہ کرے اور ایک ایسے نئے قومی جمہوری میثاق کی بنیاد رکھے جو ہمارے ملک کو معاشی خوشحالی‘ سیاسی استحکام اور حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کر سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں