عمارت منہدم
گزشتہ روز کراچی میں ایک چھ منزلہ زیرِ تعمیر عمارت کی بالائی منزلیں منہدم ہونے سے تین افراد جاں بحق اور 14زخمی ہو گئے‘ جبکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے عمارت کا ایک منزلہ نقشہ منظور کیا تھا لیکن اس پلاٹ پر چھ منزلہ عمارت تعمیر کر دی گئی۔ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ذمہ داری محض نقشوں کی منظوری دینا نہیں بلکہ اس امر کو یقینی بنانا بھی ہوتی ہے کہ تعمیرات منظور شدہ نقشے کے مطابق ہوں‘ ان میں معیاری مٹیریل استعمال ہو اور تمام حفاظتی تقاضے پورے کیے جائیں۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد شہری انتظامیہ اور صوبائی حکومت کو محض بیانات تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

اگرچہ اس حادثہ کے بعد بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے اسی علاقے میں نقشے کی خلاف ورزی‘ تعمیراتی اجازت نامے کے بغیر کام کرنے اور غیر معیاری تعمیراتی مواد کے استعمال سے متعلق بے ضابطگیاں سامنے آنے پر 12زیر تعمیر عمارتوں کو سیل کر دیا ہے۔ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف بروقت اقدامات سے اس حادثے سے بچا جا سکتا تھا۔عمارتیں سیل کرنے کے ساتھ ساتھ بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے بلڈرز اور ٹھیکیداروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی ہونی چاہیے۔متعلقہ حکام کو کسی عمارت کو حفاظتی معائنے اور متعلقہ سرٹیفکیٹ کے بغیر قابلِ استعمال قرار نہیں دینا چاہیے۔ آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام کیلئے بلڈنگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔