اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ٹریفک حادثات

پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 27 نومبر کو پنجاب بھر میں 1463ٹریفک حادثات میں 22 افراد جاں بحق اور 1670 سے زائد زخمی ہوئے۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق پاکستان میں سالانہ تقریباً 28ہزار افرادٹریفک حادثات میں لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ ٹریفک حادثات کی وجوہات میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی‘ تیز رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ شامل ہے۔ آئے روز بسوں اور ویگنوں کے حادثات کی اندوہناک خبریں آتی رہتی ہیں۔ ان حادثات کی بنیادی وجوہات میں ٹریفک قوانین سے غفلت‘ لاپروائی اور سڑک پر دوسروں کی جان و مال کی حفاظت کے خیال سے مکمل بے حسی سب سے اہم ہے۔ ٹریفک کے قوانین تو موجود ہیں مگر ان پر عملدرآمد کیلئے شاید مزید سختی کی ضرورت ہے تا کہ گاڑی لے کر سٹرک پر آنے والے ہر ایک کو اسکی ذمہ داریوں کااحساس دلایا جاسکے۔آئے روز کم عمر ڈرائیوروں کی جانب سے جاں لیوا حادثات کی خبریں آتی رہتی ہیں۔

ایک کم سن بھلا گاڑی لے کر سڑک پر کیسے آ سکتا ہے ‘ اور اگر آتا ہے تو اس کے سرپرستوں کو اس کے فعل کا ذمہ دار کیوں نہ ٹھہرایا جائے؟ مگر ان ڈرائیوروں کا کیا کیا جائے جو لائسنس یافتہ ہیں مگر ٹریفک کے قواعد و ضوبط سے مکمل لاعلم ہیں اور اپنی ذمہ داری سے غافل۔ صرف قانون کی سخت عملداری ہی سڑکوں کو سفر کرنے والوں کیلئے محفوظ بنا سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں