اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

خلاکی تسخیر، تسلسل ناگزیر

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز سپارکو کے دورے کے موقع پر چین کے خلائی سٹیشن میں موجود پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے وڈیو لنک پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پوری قوم کو ان پر فخر ہے‘ ان کی کامیابی نے نئی سرحدوں اور خلائی تحقیق کے نئے امکانات کے دروازے کھول دیے ہیں۔ بلاشبہ محمد ذیشان علی کا خلا میں پہنچنا ملک کی سائنسی اور تکنیکی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس سے نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے بلکہ ان کی کامیابی ملک کی نوجوان نسل میں خلائی علوم سے دلچسپی پیدا کرنے اور سائنسی تحقیق کو فروغ دینے کیلئے بھی ایک مؤثر محرک ثابت ہو سکتی ہے۔ اس قسم کے سائنسی پروگراموں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کیلئے حکومت کو سپارکو کی استعداد بڑھانا ہو گی۔

اس مقصد کیلئے ادارے کو مالی وسائل کے ساتھ انتظامی خودمختاری اور جدید ٹیکنالوجی بھی فراہم کی جانی چاہیے۔ اس کے ساتھ تعلیمی نظام میں بھی ایسی اصلاحات ناگزیر ہیں جن کے ذریعے طلبہ کو ابتدائی سطح ہی سے سائنس‘ ریاضی‘ انجینئرنگ‘ روبوٹکس اور خلائی علوم کی جانب راغب کیا جا سکے۔ چین کے تعاون سے خلائی تحقیق میں آگے بڑھنا خوش آئند ہے ‘ تاہم اس اشتراک کا اصل ثمر اسی وقت حاصل ہوگا جب پاکستان بتدریج اپنی تکنیکی صلاحیتوں کو اس سطح تک لے جائے کہ مستقبل میں اپنے تیار کردہ نظام‘ آلات اور ٹیکنالوجی کی مدد سے خلائی مشنز انجام دے سکے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں