نئے صوبے، مکالمہ اور اتفاقِ رائے
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی حالیہ ملاقات میں نئے صوبوں کے قیام کا موضوع بھی زیر بحث آیا۔ اس ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔یہ ملاقات اس لحاظ سے خوش آئند پیشرفت ہے کہ جمہوری معاشروں میں اہم قومی فیصلے بند کمروں میں نہیں کھلی گفت و شنید اور وسیع تر مشاورت سے تشکیل پاتے ہیں اورگہری سوچ بچار سے کیے گئے فیصلے پائیدار ثابت ہوتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے نشاندہی کی کہ نئے صوبوں کے قیام کا تعلق عوامی سہولت‘ بہتر طرزِ حکمرانی‘ انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے ہے۔ یہ نکتہ اس بحث کی اصل روح کو بیان کرتا ہے۔ اس میں دورائے نہیں کہ ملکی نظام کی اصلاح ناگزیر ہو چکی ہے۔ ملکِ عزیز کی آبادی پچھلی سات دہائیوں میں سات گنا بڑھ چکی مگر ملک کا صوبائی ڈھانچہ بدستور پرانے خطوط پر قائم ہے۔ ہمارے صوبے رقبے اور آبادی کے لحاظ سے دنیا کے متعدد ممالک سے بڑے ہیں مگر ہم اس صوبائی ڈھانچے کو وقت کی ضرورتوں سے ہم آہنگ کرنے میں ناکام رہے۔ نتیجتاً مسائل کا انبار صوبائی انتظامی اہلیت سے تجاوز کر چکا ہے۔

وسائل کی کمی بیشی اپنی جگہ مگر ہمارے ہاں وسائل سے زیادہ سسٹم کی صلاحیت اور اہلیت کا مسئلہ نظر آتا ہے۔ وسائل ہونے کے باوجود ان سے استفادہ نہیں کیا جاتا۔ مثال کے طور پر ایک زرعی ملک جس میں تاریخی طور پر خوراک کی سکیورٹی کے مسائل کی شدت کا سامنا نہیں کرنا پڑا‘ کے شہریوں کو خوراک کی فراہمی کے شدید مسائل کا سامنا ہے۔ 40فیصد بچے سٹنٹنگ کا شکار ہیں‘ کوئی ڈھائی کروڑ سکولوں کے داخلے سے محروم ہیں۔ یہ مسائل صوبائی حکومتوں کی سطح پر حل کیے جانے کی ضرورت تھی مگر ایسا نہیں ہو سکا اور اس کی اصل ذمہ داری اس نظام پر عائد ہوتی ہے جس میں ان کلیدی مسائل سے بروقت نمٹنے کی اہلیت کا فقدان ہے۔ صوبائی حکومتوں کی ترجیحات بڑے شہروں اور اکثر صوبائی دارالحکومتوں تک محدود ہیں۔ دور دراز علاقوں کے شہریوں کو صوبائی دارا لحکومت تک رسائی‘ سرکاری خدمات کے حصول اور مسائل کے حل کیلئے طویل فاصلے طے کرنا پڑتے ہیں۔ اور جب حکومت عوام سے دور ہو جائے تو شکایات بڑھتی ہیں اور اعتماد کم ہوتا ہے۔ اس کا بہترین حل یہ ہے کہ صوبوں کو چھوٹا کیا جائے‘ جیسا کہ دنیا جہاں میں ہوتا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانے اور عوام کے منشا کے مطابق تمام فیصلے کرنے کو وقت کا اولین تقاضا قرار دیا تھا۔ یہ بات اس لحاظ سے اہم ہے کہ نئے صوبوں کی بحث کو صرف نقشوں اور سرحدوں تک محدود نہیں سمجھنا چاہیے‘ اصل مقصد یہ ہونا چاہیے کہ اختیارات اور وسائل نچلی سطح تک پہنچائے جائیں۔
صوبوں کی تعداد بڑھائی جائے مگر اختیارات اور مالی وسائل کی منصفانہ تقسیم کا نظام بھی وضح ہونا چاہیے تا کہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔ مضبوط اور بااختیار مقامی حکومتیں چھوٹے صوبوں کیساتھ ناگزیر ہیں۔ صدرِ مملکت کا یہ کہنا کہ ملک کی بہتری کیلئے سب کو مل کر چلنا چاہیے‘ دراصل اس پورے معاملے کا بنیادی اصول ہے۔ ملک کی تاریخ گواہ ہے کہ جن معاملات پر قومی اتفاقِ رائے پیدا ہوا وہ دیرپا ثابت ہوئے۔ نئے صوبوں کے معاملے کی حساسیت و اہمیت بھی سیاسی قیادت کے درمیان روابط اور گفت و شنید کا تقاضا کرتی ہے۔ مکالمے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے شکوک و شبہات دور ہوتے ہیں‘ اعتماد قائم ہوتا ہے اور اعتماد ہی وہ بنیاد ہے جس پر اہم فیصلوں کی عمارت کھڑی کی جا سکتی ہے۔ نئے صوبوں کا قیام طرزِ حکمرانی کی بہتری کی جانب ایک بڑا قدم ثابت ہو سکتا ہے‘ لہٰذا اس اہم معاملے کو سیاسی مفادات کی نذر کرنے کے بجائے وسیع تر قومی مفادات کے تناظر میں دیکھنا ہو گا‘ اور اس کیلئے سیاسی قیادت کو مل بیٹھنا ہو گا تاکہ قومی مفاد کے اس اہم سوال کا ایسا حل تلاش کیا جا سکے جو سب کیلئے قابلِ قبول ہو۔