بیٹے کا ماں پر تشدد : شوبز ستاروں کے دل دکھی، انصاف کیلئے صدا بلند

بیٹے کا ماں پر تشدد : شوبز ستاروں کے دل دکھی، انصاف کیلئے صدا بلند

جہنم کا سب سے گہرا گڑھا اس شیطان صفت بیٹے کا منتظر ہے جس نے اپنی بوڑھی ماں پر ہاتھ اٹھایا :حمزہ علی عباسی ،نیمل خاور بدبخت بیٹے کودنیا میں ہی سز امل جائیگی :ماہ نور ،ثنا فخر،حکام فوری کارروائی کریں ،خاتون کو انصاف دلایا جائے :ثمینہ پیرزادہ

لاہور (لیڈی رپورٹر سے )راولپنڈی میں بیٹے کے ماں پر بد ترین تشدد اورگالم گلوچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور یہ ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے ،اس دلخراش ویڈیو پر پوری دنیا کے ساتھ شوبز ستاروں کے دل بھی دکھی ہیں اور انہوں نے اس واقعہ کو سفاکیت کی انتہا قراردیتے ہوئے انصاف کیلئے صدابلند کردی ہے ۔اداکارہ و گلوکارہ ماہ نور کااپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہنا تھا کہ اس بیٹے کے ماں پر تشددکی خبر سن کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے ،اس واقعہ سے مامتا کو شرمسار کردیا گیا،خدا کی لاٹھی بے آواز ہے ،بدبخت بیٹے کو اسی دنیا میں اس کی سز ا مل جائے گی ۔اداکارہ ثنا فخر نے کہاکہ اس ویڈیوکو دیکھ کر دل پر ایک بوجھ سا آگیا ہے اور آنکھیں بھیگی ہوئی ہیں ،ایسا ظلم کرنے والے بیٹے کو بربادی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ۔اداکارہ ہنی شہزادی نے ماں پرتشدد کرنیوالے بیٹے کو بدقسمت ترین قراردیا اور کہا کہ اس نے اپنی جنت کے خود اپنے ہاتھوں سے روند دیا۔سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے کہا کہ یہ سب ناقابل یقین ہے ،ماں کے ساتھ بدترین سلوک کرنے والے کو کبھی سکون نصیب نہیں ہوسکے گا ،اس ویڈیو کو دیکھ ایسا لگا جیسے کسی نے دل کو مٹھی میں جکڑ لیا ہو۔ اداکارہ نیمل خاور خان نے اسلام میں والد اور والدہ کی عظمت سے متعلق ایک قرآنی آیت سوشل میڈیا پرشیئر کرتے ہوئے کہا کہ’’اللہ کا قہر اس آدمی کا منتظر ہے ‘‘۔نیمل خاور کے شوہر حمزہ علی عباسی نے کہاکہ ’’ یا اللہ ، میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، میں نے اس ویڈیو کو ڈیلیٹ کر دیا ہے ، میں پوسٹ نہیں کر سکتا، یا میرے اللہ۔۔۔۔‘‘انہوں نے اپنی دوسری سوشل میڈیا پوسٹ میں کہاکہ ’’ جہنم کا سب سے گہرا گڑھا اس شیطان صفت بیٹے کا منتظر ہے جس نے اپنی بوڑھی ماں پر ہاتھ اٹھایا ہے ‘‘۔اداکارہ صبا قمر نے کہا کہ انہیں یہ غیر انسانی عمل دیکھ کرتکلیف ہوئی ہے ، کوئی اتنا ظالم اور سخت دل کیسے ہو سکتا ہے ۔ شوبزستاروں نے پاکستانی حکام سے درخواست کی ہے کہ اس واقعہ پر فوری کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاتون کو انصاف فراہم کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...