معروف کامیڈین سردار کمال دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

معروف کامیڈین سردار کمال دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

لاہور، فیصل آباد (مجاہد شیخ سے ، سٹی رپورٹر )فلم، ٹی وی اور سٹیج کے مشہورکامیڈین ،دنیانیوزکے مشہور پروگرام’’مذاق رات‘‘کی رونق سردار کمال دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ،ان کی عمر 58 برس تھی۔

سردار کمال کو لاہور میں طبیعت خراب ہونے کی صورت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر دل کی دھڑکن بند ہوجانے کے باعث وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے ، میت کو ان کے آبائی شہر فیصل آباد منتقل کردیا گیا۔ سردار کمال 1966 میں لائل پور (فیصل آباد)کے ستیانہ روڈ پر واقع محلہ شریف پورہ میں پیدا ہوئے ،ان کا اصل نام محمد سردار تھا وہیں پر سٹیج ڈراموں سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا پھر فن کی خاطر لاہور آئے اور فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ،سردار کمال کو شوبز کی دنیا کے لوگ پیار سے دارا بابو بھی کہتے تھے ،سردار کمال نے سینکڑوں سٹیج ڈراموں، فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں کام کیا، ان کا شمار انڈسٹری کے سینئر اداکاروں میں ہوتا تھا،انہوں نے افضال احمد، قوی خان، سہیل احمد، عمر شریف، امان اللہ سمیت اپنے وقت کے نامور سٹیج اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔سردار کمال نے بطور پروڈیوسر بھی فلمیں بنائیں،سٹیج ڈراموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ ہدایتکار اور مصنف کے طورپربھی کام کرتے رہے ،سردار کمال نے سٹیج کی دنیا میں تاریخ رقم کرنے والے ڈرامے جنم جنم کی میلی چادر،یہ تیرے کمال کے بندے ،یہ قربتیں یہ فاصلے سمیت ہزاروں ڈراموں میں کامیڈی کی، سردار کمال نے 30 سے زائد فلموں میں بطور کامیڈین کام کیا ان میں چوڑیاں، دیساں دا راجہ سمیت متعدد فلمیں قابل ذکر ہیں،انہوں نے ‘ڈرامے آلے ’ سمیت متعدد بھارتی پنجابی فلموں میں بھی کام کیا۔سردار کمال شوبز انڈسٹری میں ملنسار ہنس مکھ کے طور پر جانے جاتے تھے ،سردارکمال کے سوگواروں میں بیوہ، 2بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں،اداکار کی وفات کی خبر سنتے ہیں انکے اہلخانہ، رشتہ داروں اور چاہنے والوں کی بڑی تعداد انکے آبائی گھر ستیانہ روڈ پہنچ گئی ، تاہم سردار کمال کی بیوی ،بیٹا، بہو اور قریبی عزیز کاغان ناران میں موجود ہیں، روڈ ٹوٹ جانے کی وجہ سے خاندان کو آنے میں مزید دن لگ سکتے ہیں جبکہ ایک بیٹا اعجاز انگلینڈمیں مقیم ہے جو کل پاکستان آئے گا پھر اسکے بعد سردار کمال کی نماز جنازہ کا اعلان کیا جائے گا ،اہل خانہ کے مطابق سردار کمال کی تدفین فیصل آباد میں ہی کی جائے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں