کنگنا رناوت کی فلم ایمرجنسی ایک اور قانونی بحران کا شکار
ممبئی(شوبزڈیسک)بھارتی اداکارہ اور رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت کی زیرِ ہدایت فلم ایمرجنسی جو رواں سال جنوری میں ریلیز ہونا تھی، ایک اور تنازع میں الجھ گئی۔
سینئر بھارتی صحافی اور مصنفہ کومی کپور نے دعویٰ کیا ہے کہ کنگنا کی پروڈکشن کمپنی مانی کارنیکا فلمز پرائیویٹ لمیٹڈ نے نیٹ فلکس کے تعاون سے ان کی مشہور کتاب دی ایمرجنسی اے پرسنل ہسٹری کو غلط انداز میں استعمال کیا اور فلم کو ان کی کتاب پر مبنی ظاہر کیا، حالانکہ فلم کی تیاری میں کئی شرائط کی خلاف ورزی کی گئی ہے ۔مصنفہ کے مطابق ان کے اور پروڈیوسرز کے درمیان جو سہ فریقی معاہدہ طے پایا تھا، اس میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ فلم میں شامل مواد عوامی تاریخی ریکارڈ سے متصادم نہیں ہونا چاہیے، مزید یہ کہ فلم کی تشہیر میں نہ تو مصنف کا نام اور نہ ہی کتاب کا ذکر ان کی پیشگی تحریری اجازت کے بغیر استعمال کیا جا سکتا تھا۔ میں فلم کی ریلیز سے قبل گووا میں موجود تھی اور اس اعتماد پر فلم نہیں دیکھ سکی کہ معاہدے کی پاسداری کی جائے گی، تاہم فلم ساز آج بھی یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ فلم میری کتاب پر مبنی ہے، جس پر مجھے سخت اعتراض ہے۔ اس سے متعلق میں پہلے ہی دو قانونی نوٹس ارسال کر چکی ہوں، مگر فلم سازوں کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔