مین آف انڈین سینما دھرمیندر 89برس کی عمر میں چل بسے
سانس کی تکلیف میں مبتلاتھے ، شعلے ، دھرم ویراور متعدد فلموں میں اداکاری کی 1954میں پرکاش کور،1980میں ہیمامالنی سے شادی ،6بچے سوگوار
ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے ممتاز اداکار دھرمیندر کیول کرشن دیول 89برس کی عمر میں چل بسے ،چھ دہائیوں پر محیط فلمی کیریئر میں انہوں نے کئی مشہور فلموں میں اپنے فن کے جوہر دکھائے ۔ 1960 میں فلم ’’دل بھی تیرا ہم بھی تیرے‘‘سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا ۔ انہوں نے 306فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاکر ایک ناقابل فراموش میراث چھوڑی،دھرمیندر کو مین آف انڈین سینما کے لقب سے بھی یاد کیا جاتا ہے ۔ اداکار کو رواں ماہ کے اوائل میں سانس کی تکلیف کے باعث ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور پھر وہ صحت یاب ہو کر گھر واپس آگئے تھے تاہم گھر آکر 12دن بعد وہ انتقال کرگئے ،وہ زندہ رہتے تو 8 دسمبر کو ان کی عمر 90 سال ہو جاتی۔دھرمیندر کے پسماندگان میں ان کی 2بیویاں پرکاش کور اور ہیما مالنی اور چھ بچے سنی دیول، بوبی دیول، ایشا دیول، آہنا دیول، اجیتا اور وجیتا شامل ہیں۔دھرمیندر سنگھ دیول 1935 کو بھارتی پنجاب کے ضلع لدھیانہ کی کھنہ تحصیل کے گاؤں نصرالی میں پیدا ہوئے ،جب ان کی عمر 7سال تھی تو ان کا خاندان ہجرت کرضلع لدھیانہ کے شہر ساہنیوال میں شفٹ ہوگیا جو ان کے بڑے بیٹے سنی دیول کی جائے پیدائش بھی ہے جبکہ ان کا آبائی علاقہ ضلع لدھیانہ کی تحصیل رائے کوٹ کے شہر پکھووال کے قریب ڈینگون گاؤں تھا۔
فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے سے پہلے 19 سال کی عمر میں دھرمیندر نے 1954 میں پرکاش کور سے شادی کی،پھرانہیں اداکارہ ہیما مالنی سے پیار ہو گیا جس سے انہوں نے 1980میں شادی کر لی ،اجے سنی دیول ،وجے بوبی دیول ،وجیتا دیول اور اجیتا دیول پرکاش کور کی اولاد ہیں جبکہ ایشادیو ل اور آہانہ دیول کی والدہ ہیمالنی ہیں ۔1960میں کیریئر کے آغاز کے بعد اسی دہائی میں ان پڑھ ، بندنی، انوپما اور آیا ساون جھوم کے جیسی فلموں نے ان کی شہرت کو چارچاند لگادئیے ،اس کے بعد انہوں نے شعلے ، دھرم ویر، چپکے چپکے ، میرا گاؤں میرا دیش، اور ڈریم گرل جیسی فلموں میں مرکزی کردار ادا کر کے مداحوں کا دل جیتا۔ان کی آخری فلم ’’اکِیس ‘‘ہے جو 25 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے ۔انہوں نے سنجیدہ اور مزاحیہ کرداروں میں یکساں طور پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، انہیں 2012 میں حکومت ہند کی جانب سے ملک کے تیسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازا گیا تھا۔ان کی بہترین فلموں میں یادوں کی بارات،میرا گھر،پرتیگیا،نوکر بیوی کا،پھول اور پتھر،آئی ملن کی بیلا ، دل نے پھر یاد کیا ، آئے دن بہار کے ، آنکھیں، آیا ساون جھوم کے ، دھرم ویر، آزاد، غضب ،لوہااورحکومت سمیت دیگر فلمیں بھی شامل ہیں ۔ان کی موت پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے ۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ دھرمیندر کی وفات کے ساتھ بھارتی سینما کا ایک نمایاں دور ختم ہوگیا۔ دھرمیندر کی آخری رسومات پون ہنس کریمیٹریم ممبئی میں اداکردی گئیں۔رسومات میں ان کے اہل خانہ سمیت امیتابھ بچن، جیا بچن، ابھیشک بچن، عامر خان اور دیگر افراد بھی شامل تھے ۔