عورت کی طاقت کا تصور اپنی والدہ امریتا سنگھ سے آیا :سارہ علی
ممبئی (شوبزڈیسک )بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کی بیٹی، اداکارہ سارہ علی خان نے کہا ہے کہ والدین کی علیحدگی کے بعد میری پرورش مضبوط اکیلی ماں نے کی ، اس تجربے نے میری سوچ، عورت ہونے کے احساس اور خود اعتمادی کو غیرمعمولی بنا دیا ہے ۔
اپنی پھوپھی اور اداکارہ سوہا علی خان کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری زندگی میں عورت کی طاقت کا تصور اپنی والدہ امریتا سنگھ سے آیا ہے ۔ ایک مضبوط عورت وہ ہوتی ہے جو اپنی آواز بلند کرنے سے نہ ڈرے اور اپنے حق کیلئے کھڑی ہو اور میری نظر میں میری والدہ ناقابل یقین صلاحیتیوں کی مالک خاتون ہیں جنہوں نے اکیلے اپنے دم پر اپنے بچوں کو پالا اور تربیت کی۔ سارہ نے اپنی والدہ کی تربیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجھے ہمیشہ اپنی رائے کا اظہار کرنے کی آزادی ملی ہے ، مجھے کبھی خاموش رہنا نہیں سکھایا گیا، میں نے گھر میں سوال کرنا اور اپنی رائے دینا ہمیشہ اپنا حق سمجھا گیا اور یہی مجھے سکھایا گیا ہے ۔