ثروت گیلانی فلم پریمیئر میں شرکت پر تنقید کی زد میں
لاہور(شوبزڈیسک )معروف اداکارہ ثروت گیلانی کو حالیہ دنوں خاندانی صورتحال کے باوجود فلم پریمیئر میں شرکت کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے ۔
ثروت گیلانی حال ہی میں فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی نئی فلم کے پریمیئر میں شریک ہوئیں۔ تقریب میں ثروت گیلانی نارنجی رنگ کی سلک ساڑھی میں نظر آئیں، اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ان کے سسر کی طبیعت نہایت تشویشناک ہے اور وہ آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں، تاہم وہ اپنے دوستوں کی سپورٹ کے لیے پریمیئر میں آئی ہیں۔اداکارہ کے اس فیصلے پر سوشل میڈیا صارفین نے اسے غیر حساس رویہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں انہیں خاندان کے ساتھ ہونا چاہیے تھا۔ایک صارف نے لکھا سسر آئی سی یو میں ہیں اور وہ خوشی سے پریمیئر میں شریک ہیں، جبکہ ایک اور نے تبصرہ کیا کہ یہ وقت فلمی تقریب میں جانے کا نہیں بلکہ دعا کرنے کا ہے ۔تاہم کچھ صارفین نے ثروت گیلانی کا دفاع بھی کیا اور کہا کہ ہر شخص مشکل حالات میں اپنے طریقے سے توازن قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے اور کسی کے ذاتی فیصلوں پر سخت رائے دینا مناسب نہیں۔