کراچی کے بعض اداکار خوش آمدید کہنے میں کنجوس :شان
کراچی (آئی این پی) اداکار شان شاہد نے کہا ہے کہ کراچی کے اداکار دوسروں کو خوش آمدید کہنے اور کھلے دل سے قبول کرنے میں کنجوسی سے کام لیتے ہیں۔
اپنی نئی فلم سائیکو کی تشہیری مہم کے سلسلے میں ایک اہم تقریب میں کراچی سے تعلق رکھنے والے بڑے فلمی ستارے ، جیسے ہمایوں سعید اورفہد مصطفی شریک نہ ہوئے ، جس پر میڈیاکے پوچھنے پر شان نے کہا کراچی کے کچھ اداکار اپنی ایک محدود دنیا میں مگن ہیں، جہاں وہ صرف اپنے دوستوں اور جاننے والوں کے ساتھ کام کرنا پسند کرتے ہیں۔شان شاہد کے بقول اصل اداکار وہ ہوتا ہے جو مختلف لوگوں کے ساتھ کام کرے ،اگر ان اداکاروں کو بھارت سے کام کی دعوت ملے تو وہ فورا کہتے ہیں کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، لیکن جب لاہور کے فنکاروں کی بات آتی ہے تو اچانک سرحدیں یاد آجاتی ہیں۔