یو اے ای براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر تینوں ڈرون حملے عراق سے ہوئے، تحقیقات میں انکشاف
ابوظہبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ 17 مئی کو براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ پر ہونے والے ڈرون حملے کی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ اس واقعے میں شامل تینوں ڈرون عراق سے بھیجے گئے تھے۔
اماراتی وزارت دفاع کے مطابق 3 میں 2 ڈرونز کو متحدہ عرب امارات کے فضائی نظام نے کامیابی سے مار گرایا تھا جبکہ تیسرا ڈرون پلانٹ کے اندرونی حصار کے باہر ایک بجلی کے جنریٹر کو لگا۔
وزارتِ دفاع کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے کامیابی کے ساتھ 6 ڈرونز کا سراغ لگا کر انہیں مار گرایا ہے، یہ ڈرونز ملک میں شہری اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔