پاکستان اور جاپان کا پٹرولیم شعبے، جیوسائنسز اور معدنی تحقیق میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور جاپان کا پٹرولیم شعبے بالخصوص جیوسائنسز اور معدنی تحقیق میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہو گیا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے جاپان کے سفیر اَکاماتسو شوئیچی کا جیولوجیکل سروے آف پاکستان میں استقبال کیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان جیوسائنسز اور معدنی تحقیق میں طویل عرصے سے سائنسی تعاون جاری ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ جاپان اور جائیکا کی معاونت سے جیوسائنس ایڈوانس ریسرچ لیبارٹریز کا قیام دونوں ممالک کے تعاون کا نمایاں سنگِ میل ہے۔
— Petroleum Division, Ministry of Energy (@Official_PetDiv) May 19, 2026
انہوں نے کہا کہ پاکستان معدنی شعبے کو اپ گریڈ کر رہا ہے اور روایتی طریقوں کی جگہ جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور جاپان نے جیوسائنسز، لیبارٹری طریقہ کار اور تکنیکی استعداد میں اضافے کے لیے مستقبل میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر جیو سائنسز ایڈوانس ریسرچ لیبارٹری کی تاریخ، ارتقاء اور جدید صلاحیتوں پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔
جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی سائنسی انفراسٹرکچر مضبوط بنانے کی کوششیں قابل تعریف ہیں، جاپان جیوسائنسز میں تکنیکی تعاون اور سائنسی تبادلے کے فروغ میں دلچسپی رکھتا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق پٹرولیم ڈویژن، جیولوجیکل سروے آف پاکستان، جاپانی سفارتخانہ اور جائیکا کے سینئر حکام نے شرکت کی۔