روسی صدر ولادیمیر پیوٹن بیجنگ پہنچ گئے، اہم ملاقاتوں اور دوطرفہ امور پر بات چیت متوقع

بیجنگ: (دنیا نیوز) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سرکاری دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے جہاں چینی وزیر خارجہ نے انکا استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق صدر پیوٹن اپنے دورۂ بیجنگ کے دوران چینی قیادت سے ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، توانائی، علاقائی سلامتی اور بین الاقوامی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ ہائیڈروکاربن اور توانائی تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی، پاور آف سائبیریا 2 گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی تفصیلی بات چیت ہوگی، جو روس اور چین کے درمیان توانائی تعاون کے اہم ترین منصوبوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

روس اور چین تقریباً 40 مختلف معاہدوں اور دستاویزات پر دستخط بھی کریں گے، جبکہ دونوں رہنما کراس ایئرز آف ایجوکیشن پروگرام کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔

مبصرین کے مطابق حالیہ برسوں میں روس اور چین کے درمیان سیاسی اور اقتصادی روابط میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ دونوں ممالک متعدد عالمی اور علاقائی معاملات پر قریبی رابطے برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

توقع کی جا رہی ہے کہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک باہمی تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت کا اعلان بھی کر سکتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں