پاکستان اور اے آئی آئی بی کے درمیان 320 ملین ڈالر قرض کا معاہدہ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کے درمیان 320 ملین ڈالر قرض کے معاہدے پر دستخط ہو گئے۔

وزارت اقتصادی اُمور کے مطابق معاہدے کے تحت ملنے والی رقم این-5 ہائی وے بحالی منصوبے کے لیے استعمال کی جائے گی، تقریب میں وفاقی وزیر احد چیمہ سمیت اقتصادی امور ڈویژن اور اے آئی آئی بی کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔

سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور اے آئی آئی بی کے چیف انویسٹمنٹ افسر نے معاہدے پر دستخط کئے، احد چیمہ نے این-5 کوریڈور ملکی معیشت اور علاقائی تجارت کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ۔

اُن کا کہنا تھا کہ این-5 بحالی منصوبہ سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ٹرانسپورٹ رابطے کو مزید مضبوط بنائے گا،اے آئی آئی بی پاکستان کا قابلِ اعتماد ترقیاتی شراکت دار قرار ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ این-5 منصوبہ علاقائی رابطہ کاری، تجارت اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، اے آئی آئی بی کی معاونت سے این-5 کو جدید اور ماحول دوست معیار کے مطابق بحال کیا جائے گا۔

احد چیمہ کا کہنا تھا کہ این-5 منصوبہ پاکستان کے پائیدار انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنائے گا، اے آئی آئی بی اور پاکستان کے درمیان تعاون کا نیا سنگِ میل قائم ہوا ہے، جدید انفراسٹرکچر اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ڈیزائن کے تحت این-5 کی تعمیرِ نو ہوگی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں پائیدار ترقی اور رابطہ کاری کے فروغ کے لیے یہ اہم پیش رفت ہے، این-5 بحالی منصوبہ طویل المدتی اور مؤثر ٹرانسپورٹ نظام کی بنیاد بنے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں