غزہ امدادی فلوٹیلا پر اسرائیلی کارروائی، عالمی سطح پر احتجاج اور شدید ردعمل

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ کے لیے روانہ امدادی فلوٹیلا کے خلاف اسرائیلی فورسز نے ایک اور کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی پانیوں میں امدادی کشتی اپنے قبضے میں لے لی۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے "اینڈ روس" نامی کشتی کو غزہ کے ساحل سے تقریباً 145 ناٹیکل میل دور روک لیا۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی کارروائی کے بعد کشتی سے جاری لائیو ویڈیو رابطہ اچانک منقطع ہو گیا، جس کے بعد کشتی میں موجود افراد کی صورتحال کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق گلوبل صمود فلوٹیلا کی اب تک 61 کشتیاں اسرائیلی فورسز کے قبضے میں آ چکی ہیں، تاہم تمام تر رکاوٹوں کے باوجود مزید 10 کشتیاں غزہ کی جانب پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

امدادی مشن میں 39 ممالک سے تعلق رکھنے والے 426 انسانی حقوق کے کارکن شریک ہیں، جو غزہ کے لیے امداد پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب عالمی امدادی مشن کو روکنے کے اقدام پر اسرائیل کے خلاف مختلف ممالک میں شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے، اٹلی کے 20 سے زائد شہروں میں اسرائیلی کارروائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ہڑتالیں کی گئیں جبکہ یورپی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ غزہ کے لیے امدادی راستے فوری طور پر کھولے جائیں تاکہ انسانی امداد متاثرہ افراد تک پہنچ سکے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں