تعلیمی اداروں میں 3 ماہ کی چھٹیوں کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت سے جواب طلب
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب کے تعلیمی اداروں میں تین ماہ کی چھٹیاں دینے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے درخواست پر پنجاب حکومت سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا، جسٹس خالد اسحاق نے آل پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب حکومت نے موسم گرما کی تعطیلات کے لیے تین ماہ تک تعیلمی ادارے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
یہ بھی پڑھیں: تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات کا حکم
پاکستان میں تعلیمی سال کم ہو کر 120 دن کا رہ گیا ہے، امریکہ، انگلینڈ سمیت بڑے ممالک میں تعلیمی سال 230 دن کا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ تین ماہ تعلیمی ادارے بند کرنے سے طلبہ کی پڑھائی شدید متاثر ہوگی، تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت 3 ماہ تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے، عدالت موسم گرما کی تعطیلات 6 سے 8 ہفتے کرنے کا حکم دے۔