وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ کے لیے روانہ
کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ کے لیے روانہ ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء اور دیگر حکام بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اپیکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، جبکہ صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا۔
اجلاس میں رواں برس کے ترقیاتی بجٹ، آئندہ مالی سال کیلئے ترقیاتی بجٹ کے منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ اہم فیصلے متوقع ہیں۔
علاوہ ازیں، وزیراعظم دورہ کوئٹہ کے موقع پر گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ، پارٹی رہنماؤں سمیت مختلف وفود سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کا پیسہ لگائیں گے جن کے نتائج یقینی ہوں۔