بنگلہ دیشی سول سروسز وفد کا ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کا دورہ، اصلاحاتی اقدامات پر بریفنگ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش سول سروسز کے انتظامی کیڈر سے تعلق رکھنے والے بارہ رکنی سینئر افسران کے وفد نے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے میں جاری اصلاحاتی اقدامات اور انتظامی تبدیلیوں سے آگاہ کیا گیا۔
ایف بی آر کے مطابق بنگلہ دیشی وفد کا یہ دورہ "پالیسی انوویشن" کے موضوعاتی جزو کا حصہ تھا۔
چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے وفد کے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش تاریخی روابط اور گورننس کے مشترکہ ورثے کے حامل برادر ممالک ہیں جبکہ سول سرونٹس کے باہمی دورے دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
وفد کو ایف بی آر میں شفافیت، کارکردگی اور ادارہ جاتی استعداد میں بہتری کے لیے متعارف کرائی گئی اصلاحات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر کرپشن کے خاتمے، اقربا پروری کے سدباب اور دیگر انتظامی اقدامات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
پاکستان کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو سروس کے سینئر افسران نے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت مختلف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ اجلاس میں ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز، ممبر کسٹمز آپریشنز اور ممبر ایڈمنسٹریشن نے بھی شرکت کی۔
بنگلہ دیشی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری سلمیٰ صدیقہ مہتاب کر رہی تھیں، جبکہ وفد کے اراکین نے ایف بی آر کے انتظامی ڈھانچے، ادارہ جاتی استعداد اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔