انمول پنکی کیس میں کئی اہم نام سامنے آسکتے ہیں، آئی جی سندھ

کراچی: (دنیا نیوز) آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ انمول عرف پنکی کیس میں کئی اہم اور معتبر نام سامنے آسکتے ہیں، جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔

کراچی چیمبر کے دورے کے موقع پر تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ کے تعاون سے منشیات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اب تک ایک ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ منشیات استعمال کرنے والوں اور فروخت کرنے والوں میں فرق ہے، تاہم جو عناصر منشیات کے کاروبار میں ملوث ہیں انہیں کسی صورت نہیں بخشا جائے گا، اس حوالے سے خصوصی ٹاسک فورس بھی تشکیل دی جا رہی ہے اور ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ معلومات فراہم کرے۔

انمول عرف پنکی کیس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پنکی زیادہ تر لاہور میں رہتی تھی اور اس کیس میں کئی معتبر افراد کے نام سامنے آسکتے ہیں۔

آئی جی سندھ نے میڈیا سے درخواست کی کہ پنکی کو غیر ضروری طور پر گلیمرائز نہ کیا جائے تاکہ اس معاملے کو سنسنی خیز شکل نہ دی جائے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کچے کے علاقوں میں آپریشن نجات مہران کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، جہاں 600 سے زائد ڈاکو یا تو مارے گئے، گرفتار ہوئے یا انہوں نے ہتھیار ڈال دیے۔

جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ اب سندھ میں کوئی بھی نو گو ایریا موجود نہیں جبکہ کراچی میں بھی امن و امان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں کافی بہتر ہوچکی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں