آذربائیجان اور پنجاب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق
باکو: (دنیا نیوز) آذربائیجان اور صوبہ پنجاب کے درمیان جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مشیر علی ڈار کی آذربائیجان کی انوویشن اینڈ ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ ایجنسی (آئی ڈی ڈی اے) کی ٹیم سے ملاقات ہوئی۔
اس ملاقات میں اے آئی پر مبنی گورننس، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور جدت کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا، مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق مشترکہ حکمت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آذربائیجان کے آفس آف اے آئی اور آئی ڈی ڈی اے کی پنجاب حکومت سے طویل المدتی تعاون پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دونوں جانب سے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔