ایران دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا: مسعود پزشکیان کا امریکی دھمکیوں پر سخت ردعمل
تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مبینہ جنگی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی دباؤ، دھونس یا دھمکی کے سامنے نہیں جھکے گا اور نہ ہی اپنی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتا کرے گا۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کو خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ دشمن ایران کو مختصر وقت میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد اب ایرانی عوام اور حکام کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی دباؤ سے ایران خوفزدہ ہونے والا نہیں اور ملک اپنے مؤقف پر قائم رہے گا۔
ایرانی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے جنگ مسلط کرکے بھی دیکھ لیا لیکن اسے ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ایرانی عوام اور قیادت کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم ایرانی قوم متحد ہے اور متحد رہے گی۔
مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کے دعویدار ممالک بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر خاموش ہیں۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کا رویہ دوہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اس وقت تک مذاکرات کی میز پر واپس نہیں آئے گا جب تک اس کے بنیادی مطالبات، خصوصاً بحری ناکہ بندی کے خاتمے سے متعلق شرائط، تسلیم نہیں کی جاتیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تہران واشنگٹن کے ساتھ تنازع کے حل کے لیے اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔